Site icon AFB News Agency

آنسوئوں کاتالاب ۔۔

عمرفاروق|اگہی
اسلام آباد کے شور و ہنگامے کو پسِ پشت ڈال کر، قریباً دو گھنٹے کی مسافت طے کرنے کے بعد ہمارا قافلہ چکوال کی ان پرسرار اور سحر انگیز وادیوں میں داخل ہوا جہاں قدم قدم پر ہزاروں سال پرانی تاریخ آج بھی سانس لیتی محسوس ہوتی ہے۔
کشمیر جرنلسٹس فورم کے زیرِ اہتمام ترتیب دیے گئے اس کارواں میں پچاس سے زائد صحافی شریک تھے، جن کی آنکھوں میں ماضی کے دریچے کھوجنے کی جستجو تھی۔ ہمارا پہلا پڑاؤ ’’کٹاس راج‘‘ کا وہ طلسماتی اور مقدس مقام تھا جس کی کشش ہمیں کھینچ لائی تھی۔ حسنِ اتفاق دیکھیے کہ جوں ہی ہمارے قدم اس تاریخی دربار میں پہنچے، عین اسی پل سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بھی اس بزمِ تاریخ کا حصہ بننے وہاں پہنچ چکے تھے۔
سطحِ سمندر سے تقریباً ڈھائی ہزار فٹ کی بلندی پر واقع، کٹاس راج کے مندر اور ان سے ملحقہ حویلیاں کسی سراب کی مانند دُور ہی سے مسافروں کو اپنی جانب بلاتی نظر آتی ہیں۔ یہ محض اینٹ اور پتھر کا ڈھانچہ نہیں، بلکہ تہذیبوں کا ایک ایسا سنگم ہے جہاں ہندو مت کے دیوں کی لو کے ساتھ ساتھ مسلمانوں، دراوڑوں، یونانیوں، جین مت، بُدھ مت اور سکھوں کی ثقافت کے انمٹ نقوش آج بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
یہ مقام کبھی علم و فن کا ایک عظیم گہوارہ ہوا کرتا تھا۔ اس کی فضاؤں میں سنسکرت کے شلوک گونجا کرتے تھے۔ تاریخ کے اوراق گواہ ہیں کہ علم نجوم، ریاضی اور ارضیات کے عظیم مسلمان سائنس دان ابو ریحان البیرونی نے اسی کٹاس راج کی یونیورسٹی کے دالانوں میں بیٹھ کر سنسکرت کی تعلیم حاصل کی تھی۔ یہ البیرونی کا ہی کمال تھا جس نے کٹاس راج سے کچھ ہی فاصلے پر پنڈ دادن خان کے علاقے ’نندہ‘ کے مقام پر صدیوں قبل زمین کے محیط اور قطر کی حیرت انگیز حد تک درست پیمائش کر کے دنیا کو ششدر کر دیا تھا۔
وقت کے قدموں کے نشان تلاش کریں تو ان مندروں کے قرب و جوار میں آج بھی بدھ اسٹوپا کے وہ آثار خاموشی سے کھڑے ہیں، جو بدھ مت کے پیروکاروں کی والہانہ عقیدت کا مظہر ہیں۔ تقسیمِ ہند سے قبل اس وادی میں ہندوؤں کی ایک کثیر تعداد آباد تھی، مگر قیامِ پاکستان کے بعد یہ لوگ اپنی یادیں یہیں چھوڑ کر بھارت ہجرت کر گئے۔ کٹاس راج کے اس وسیع و عریض کینوس پر رام چندر مندر، ہنومان مندر اور شیو مندر کے خدوخال آج بھی پوری شان و شوکت سے نمایاں ہیں۔
تاریخی حوالوں کی ورق گردانی کریں تو کٹاس راج کی اہمیت اس لیے بھی دوچند ہو جاتی ہے کہ ہندوؤں کی چار مقدس کتابیں (وید) اسی مقام پر تحریر کی گئیں۔ روایت ہے کہ جب پانڈو برادران کو جلاوطن کیا گیا تو انہوں نے اپنے بن باس کے کٹھن دن اسی پُرسکون وادی میں گزارے۔
قدیم ترین رزمیہ داستان ’مہا بھارت‘ میں کورؤں اور پانڈوؤں کے درمیان ہونے والے جس عظیم معرکے کا ذکر ہے، اس کے تار بھی اسی علاقے سے جڑے ہیں۔ انگریز مورخ جنرل کننگھم کے قلم نے یہاں کشمیری طرزِ تعمیر کے بارہ مندروں کا ذکر کیا ہے، جن میں سے ’ستگھرا‘ کے مندر آج بھی کہیں کہیں وقت کے تھپیڑے سہتے کھڑے ہیں۔ اس مقام کی مقناطیسیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2005 میں جب بھارت کے سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن ایڈوانی پاکستان کے دورے پر آئے، تو انہوں نے خاص طور پر اس مقدس مقام کی یاترا کی۔
وسیع و عریض کٹاس راج کے صدر دروازے سے اندر داخل ہوتے ہی ایک ایسا سحر انگیز منظر نگاہوں کو جکڑ لیتا ہے کہ انسان پلک جھپکنا بھول جاتا ہے۔ قدیم، خستہ حال راستوں پر چلتے ہوئے بائیں جانب بلندی کی طرف ایک راستہ مڑتا ہے، جہاں ’ستگھرا‘ کا بورڈ آویزاں ہے۔ یہ سات مندروں کا ایک خوبصورت جھرمٹ ہے۔
کٹاس کی شہرت کی ایک بڑی وجہ یہی ستگھرا ہے۔ اگرچہ اس کے ارد گرد کے کئی مندر وقت کی دھول میں دب کر منہدم ہو چکے ہیں، مگر یہ آج بھی اپنی اصل اور پروقار حالت میں موجود ہے۔ تین منزلوں پر مشتمل اس عمارت کا داخلی راستہ مندر کے اندر ہی سے بل کھاتا ہوا چھت تک جاتا ہے۔ پہلی منزل پر عبادت گاہ کی خاموشی ہے، دوسری منزل پر دو چھوٹے، تنگ و تاریک کمرے اسرار کی چادر اوڑھے ہوئے ہیں، جب کہ بالائی منزل پر کھڑے ہو کر پورے کٹاس راج کا نظارہ کیا جائے تو یوں لگتا ہے جیسے پوری تاریخ قدموں میں بچھ گئی ہو۔
یہاں ایک ایسی عمارت بھی ہماری منتظر تھی جس کے طرزِ تعمیر نے ہمیں ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ دربار کا سا شاہانہ نقشہ، دیواروں پر رقص کرتی مورتیوں کی تصویریں، کمال سلیقے سے تراشے گئے روشن دان اور ایسی شاندار سیڑھیاں جو آج کے جدید فنِ تعمیر کو بھی مات دیتی نظر آئیں۔ ہم اس عمارت کے بیچوں بیچ کھڑے، حیرت کے سمندر میں غوطہ زن، پانچ ہزار سالہ پرانی تہذیب کے آئینے میں خود کو گم ہوتا محسوس کر رہے تھے۔
ہندووں کے نظرئے کے مطابق شیو مندر کی خوبصورت عمارت کی بالائی منزل کے دریچوں سے جب ٹھنڈی ہوا اور روشنی اندر داخل ہوتی ہے، تو ایک عجیب سی روحانیت کا احساس ہوتا ہے۔ یہاں ایک پُراسرار سرنگ بھی موجود ہے، جہاں سے ہندو زائرین مقدس جھیل نما تالاب کا نظارہ کرتے تھے۔کبھ زائرین نے بتایا کہ اس مندر کی فضا آج بھی اگربتیوں کی دھیمی دھیمی خوشبو سے معطر رہتی ہے۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ اس کی تعمیر میں دیواروں کی پختگی اور مضبوطی کے لیے ’ماش کی دال‘ کا گارا،املی کاپانی استعمال کیا گیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ باہر چاہے سورج آگ برسا رہا ہو، مندر کے اندرون میں ہمیشہ ایک خنک اور پُرسکون ٹھنڈک کا احساس رچا بستا ہے۔
ان تمام مناظر کے بیچوں بیچ جس چیز نے ہمارے دلوں کو سب سے زیادہ موہ لیا، وہ یہاں موجود ایک خوبصورت پانی کا تالاب تھا۔ اس تالاب کے پانی میں محض عکس نہیں، بلکہ محبت کی ایک لازوال اور درد بھری داستان تیرتی ہے۔
روایت ہے کہ شیو مہاراج کو اپنی بیوی ’ستی‘ سے اس قدر ٹوٹ کر محبت تھی کہ دونوں کا ایک دوسرے کے بغیر جینے کا تصور بھی محال تھا۔ یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ محبت کی چاشنی ہی زندگی کے کینوس میں رنگ بھرتی ہے، مگر وقت کا بے رحم پہیہ اس سچائی کو بھی روند ڈالتا ہے کہ سفرِ حیات میں ملنے والے مسافروں کو ایک دن بچھڑنا بھی پڑتا ہے۔
ایک روز موت کی آندھی چلی اور ستی شیو کو تنہا چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے اجل کی تاریک وادی میں اُتر گئی۔ اس روز شیو پر یہ دلدوز انکشاف ہوا کہ ستی کے بنا یہ کائنات، یہ زندگی کس قدر بے معنی اور بے رنگ ہے۔ اس روز وہ دیوتا اپنی بے بسی پر ایک عام انسان کی طرح پھوٹ پھوٹ کر رویا۔ اس کی چشمِ پرنم سے آنسوؤں کی قطاریں موتیوں کی لڑیوں کی صورت بہہ نکلیں۔
دیومالائی داستانیں کہتی ہیں کہ اس کے آنسوؤں کی ایک لڑی اجمیر میں گری جہاں ’’پشکر‘‘ کا تالاب وجود میں آیا، اور دوسری لڑی اس مقام پر گری جسے سنسکرت میں ’’کٹکشا‘‘ (یعنی آنسوؤں کی لڑی) کہا گیا۔ یہی کٹکشا بگڑتے بگڑتے کٹاس بن گیا۔ آنسوؤں کا وہ چشمہ جو شیو کے فراق سے پھوٹا تھا، بڑھتے بڑھتے ایک وسیع تالاب کی صورت اختیار کر گیا۔
دو کنال سے زائد رقبے اور 30 فٹ گہرائی پر محیط اس تالاب کے گرد چھوٹے بڑے مندروں کا ہجوم ہے۔ جب محبت عقیدت کے سانچے میں ڈھلتی ہے، تو فن کے ایسے ہی شاہکار جنم لیتے ہیں۔ ان مندروں کی تراش خراش اور نقش و نگار دیکھ کر اس دعوے پر پختہ یقین آ جاتا ہے۔
تالاب کی سیڑھیوں سے اوپر ایک دلکش بارہ دری ہے۔ اس کے دروازوں سے تالاب اور اس کے پار کھڑا شیو کا مندر ایک تصویر کی مانند دکھائی دیتے ہیں۔ ہم ان سیڑھیوں پر کھڑے اس ’امرت کنڈ‘ (مقدس تالاب) کو لبالب بھرا دیکھ رہے تھے، جس کے شفاف پانی پر دھوپ کی کرنیں رقص کر رہی تھیں۔
کسی دور میں یہاں پجاریوں کا ایک طوفان اُمڈتا تھا۔ لوگ اپنے گناہوں کی کالک دھونے کے لیے اس تالاب میں اشنان (غسل) کیا کرتے تھے۔ ہندو عقیدے میں یہ پانی محض پانی نہیں، بلکہ آبِ شفا ہے، جسے پی کر وہ اپنی روح کو سیراب کرتے تھے۔ زائرین اس پانی کو بطورِ تبرک اپنے ہمراہ لے جاتے اور گھروں میں بانٹتے، اس یقین کے ساتھ کہ اس کی بوند بوند میں دکھوں اور تکلیفوں کا تریاق چھپا ہے۔
کبھی اس تالاب کا پانی اس قدر وافر اور میٹھا تھا کہ اسے فلٹر کر کے چکوال کے باسیوں کو پلایا جاتا تھا۔ مگر افسوس! ترقی کی اندھی ہوس نے اس محبت کی نشانی کو بھی نہیں بخشا۔ اب اس مقدس پانی کی سطح خطرناک حد تک گر چکی ہے۔ اردگرد لگنے والی سیمنٹ کی فیکٹریوں نے زیرِ زمین پانی کو اس بے دردی سے چوسا ہے کہ شیو کے آنسو بھی سوکھنے لگے ہیں۔ مقامی لوگوں کی دہائیوں کے باوجود یہ فیکٹریاں ماحول کا سینہ چیر رہی ہیں اور تاریخ کا یہ انمول ورثہ خاموشی سے دم توڑ رہا ہے۔
شام کے سائے گہرے ہو رہے تھے اور کٹاس راج کے مندروں پر ڈوبتے سورج کی زردی ایک عجیب سی اداسی بکھیر رہی تھی۔ ہم اس طلسماتی وادی سے اگلی منزل کا رختِ سفر باندھ رہے تھے، مگر دل وہیں ان قدیم سیڑھیوں پر کہیں چھوٹ گیا تھا۔
کٹاس راج کا سفر محض چند عمارتوں کی سیاحت نہیں، بلکہ انسان کے فانی ہونے اور محبت کے لافانی ہونے کا ایک خاموش درس ہے۔ ہم نے محسوس کیا کہ وقت کتنا ہی بے رحم کیوں نہ ہو جائے، وہ پتھروں میں جذب ہونے والے آنسوؤں کو کبھی نہیں سکھا سکتا۔ شیو اور ستی کی محبت ہو، البیرونی کی علم کی پیاس ہو، یا تاریخ کے گمشدہ اوراق۔۔۔
کٹاس راج کے یہ در و دیوار آج بھی ہر اس مسافر کو آواز دیتے ہیں جو دل کی آنکھ سے دیکھنے کا ہنر جانتا ہو۔ یہ عمارتیں، یہ تالاب اور یہ ہوائیں ہمیں بتا رہی تھیں کہ تہذیبیں مٹ جاتی ہیں، انسان خاک میں مل جاتے ہیں، مگر سچی محبت اور عقیدت کے آنسو، تاریخ کے دامن میں ہمیشہ امرت بن کر چمکتے رہتے ہیں۔ کٹاس راج صرف ایک مقام نہیں، ایک احساس ہے، جو صدیوں بعد بھی زندہ ہے اور شاید ابد تک زندہ رہے گا۔

Exit mobile version