Site icon AFB News Agency

ازراہ مذاق کہا تھا کہ الیکشن جیت گئے تو آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنوں گا، نواز شریف

اسلام آباد (اے ایف بی) قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کا موازنہ ہونا چاہیئے، ن لیگ کی کارکردگی سب سے بہتر ہے، کوئی حساب لگائے کہ ہم کیا کرکے گئے اور گزشتہ حکومت کیا کرکے گئی؟ ہمارے دور حکومت میں بجلی کے بل 200، 200 روپے آتے تھے، پچھلی حکومت ملک میں آئی ایم ایف کو دوبارہ لے کر آئی۔ ن لیگ ایکس کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے مظفرآباد میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور انتخابی وعدوں پر عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاق اور پنجاب حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت وفاقی و صوبائی وزراء اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔ ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی امور کے حوالے سے گفتگو کی گئی، وفاقی حکومت کے آزاد کشمیر حکومت سے تعاون بارے گفتگو اور ماضی میں تعمیروترقی میں کردار کا بھی ذکر کیا گیا۔آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے بھی فعال کردار کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ترقیاتی منصوبوں پر پوری توانائی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر میں الیکشن میں کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنانے پر گفتگو کی گئی۔ملاقات میں وزیراعلیٰ مریم نواز، وفاقی وزراء احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، طارق فضل چوہدری موجود تھے۔ عطاء اللہ تارڑ، رانا ثناء اللہ، سینیٹر پرویز رشید، مریم اورنگزیب، شاہ غلام قادر، راجہ فاروق حیدر اور دیگر شریک تھے۔میڈیا کے مطابق قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر میں لیگی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسلم لیگی رہنماؤں کو ایک ساتھ دیکھ کر خوشی ہوئی، انتخابی مہم کے دوران آزاد کشمیر کے شہروں میں عوام کا جذبہ قابل دید تھا، انتخابی مہم کے دوران اندازہ ہو رہا تھا کہ مسلم لیگ ن انتخابات جیتے گی۔نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر جیسا جذبہ رکھتے ہیں، میرا جذبہ بھی ویسا ہی ہے، چاہتے ہیں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے، آزاد کشمیر میں ماضی میں ایسی حکومتیں آئیں جنہیں عوام کی کوئی فکر نہیں تھی، ماضی کی حکومتوں کی ناقص کارکردگی سے آزاد کشمیر میں ترقی کا عمل متاثر ہوا۔ نواز شریف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی آزاد کشمیر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں، آزاد کشمیر کا ماضی بہت دردناک رہا ہے، آزاد کشمیر میں ماضی کی حکومتیں عوام سے کیے گئے وعدے بھول گئیں، آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ بے حسی کا سلوک کیا گیا، ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ افتخار گیلانی وزیراعظم بن گئے ہیں تو لگتا ہے جیسے میں خود وزیراعظم بن گیا ہوں، مریم نواز نے مظفرآباد اور میرپور کے لیے گرین بسیں فراہم کی ہیں، آزاد کشمیر میں موٹروے تعمیر کرنا چاہتے ہیں، ہماری حکومت کی توجہ ہمیشہ تعمیر و ترقی پر رہی ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو تیزی سے بجلی کے کارخانے لگانے پر شاباش دیتا ہوں، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو صفر پر لانا کوئی معمولی کامیابی نہیں تھی، ہمارے دور حکومت میں بجلی کے بل 200، 200 روپے آتے تھے، ہم نے اپنے دور میں 18، 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی، وزیراعظم شہباز شریف پوری ہمت کے ساتھ ملکی معیشت کو بہتر بنا رہے ہیں، مسلم لیگ ن نے اپنے ادوار حکومت میں ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کیے، پچھلی حکومت والے آئی ایم ایف کو دوبارہ لے کر آئے، کوئی حساب لگائے کہ ہم کیا کرکے گئے اور گزشتہ حکومت کیا کرکے گئی، تمام سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کا موازنہ ہونا چاہیے۔مسلم لیگ ن کی کارکردگی تمام سیاسی جماعتوں سے بہتر ہے۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز بھی صوبے میں قابل تعریف کام کر رہی ہیں، پنجاب میں ترقیاتی کارکردگی کی اصل بنیاد شہباز شریف نے رکھی تھی، جس پر وزیراعظم شہبازشریف نے نوازشریف کو جواب دیا کہ نہیں، پنجاب میں ترقی کی بنیاد آپ نے رکھی تھی۔

Exit mobile version