اسلام آباد (اے ایف بی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے امریکا-پاکستان نالج کوریڈور پی ایچ ڈی سکالرشپ پروگرام کے تحت جی آر ای (جنرل ریکارڈ ایگزامینیشن) تربیتی پروگرام کے لئے اہل پاکستانی اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ایچ ای سی کے مطابق یہ پروگرام ان باصلاحیت طلبہ اور محققین کے لئے ہے جو امریکا کی ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے جی آر ای امتحان کی تیاری کے خصوصی تربیتی سیشن اسلام آباد، کراچی، لاہور اور کوئٹہ میں منعقد کئے جائیں گے۔
درخواست دہندگان کے لئے کم از کم سولہ سالہ تعلیم اور مضبوط تعلیمی ریکارڈ ضروری ہے۔ سرکاری اداروں اور سرکاری جامعات کے اساتذہ کے لئے عمر کی حد 40سال جبکہ دیگر امیدواروں کے لئے 35سال مقرر کی گئی ہے۔ ایچ ای سی نے بتایا کہ تربیتی پروگرام میں شامل امیدوار اگر جی آر ای امتحان میں 300 یا اس سے زائد نمبر حاصل کریں تو انہیں ایجوکیشنل ٹیسٹنگ سروس (ای ٹی ایس) کی امتحانی فیس کی واپسی کی سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔
ایسے امیدوار امریکا کی عالمی درجہ بندی میں نمایاں جامعات میں سکالرشپ کے حصول کے لئے بھی زیر غور آ سکیں گے۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ امریکا-پاکستان نالج کوریڈور منصوبے کا مقصد پاکستانی طلبہ اور محققین کو اعلیٰ بین الاقوامی جامعات میں تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنا اور ملک میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور تدریس کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔






