پاکستان

مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات میں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا پہلا نمبر

اسلام آباد (اے ایف بی) اردن کے ادارے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات کی سالانہ نئی فہرست جاری کر دی، اس بار کی فہرست میں پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز سامنے آیا ہے جہاں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو عالمی سطح پر مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اس تازہ ترین فہرست میں مسلم دنیا کی بااثر ترین شخصیات میں پاکستان کی قیادت کو نمایاں مقام ملا ہے، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مشترکہ طور پر سرفہرست یعنی پہلی پوزیشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جو ملک اور قوم کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔

جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان بھی مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر براجمان ہیں، اس بار کی فہرست کی خاص بات یہ ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پانچ شخصیات کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی مسلم دنیا کی پانچ بااثر ترین شخصیات میں شامل ہیں، جب کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای فہرست میں چوتھے نمبر پر رہے، اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے پانچویں اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے چھٹی پوزیشن حاصل کی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ فہرست میں خلیجی اور دیگر اسلامی

ممالک کے سرکردہ رہنما بھی شامل ہیں جن میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم، مراکش کے شاہ محمد ششم، انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، فلسطینی صدر محمود عباس اور شام کے صدر احمد الشرع کے نام بھی نمایاں طور پر موجود ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی روحانی و علمی شخصیات بھی اس فہرست کا حصہ ہیں جن میں معروف عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی اور نامور مبلغ مولانا طارق جمیل کے نام شامل ہیں،

دوسری جانب ادارے کی جانب سے غزہ کے کمال عدوان ہسپتال کے سابق سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں سال کی نمایاں مرد شخصیت قرار دیا گیا ہے، جب کہ ایران کے شہر میناب میں اسکول پر ہونے والے حملے میں معجزانہ طور پر بچ جانے والی طالبہ فاطمہ زہرا شیخ آبادی کو سال کی نمایاں خاتون شخصیت کے طور پر چنا گیا ہے۔

تبصرہ لکھیں

Verified by MonsterInsights