وفاقی وزیر امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کا بھمبر میں زیرِ تعمیر دانش اسکول منصوبے کا دورہ

بھمبر(اے ایف بی) وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے آزاد جموں و کشمیر کے ضلع بھمبر میں زیرِ تعمیر دانش اسکول منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے خصوصی محبت اور دلچسپی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا،“یہ ہمارے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ دانش اسکول منصوبہ عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔ یہ ایک خواب کی تعبیر اور مواقع کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل ہے۔”انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد تمام طبقات کے لیے معیاری اور مساوی تعلیم کو فروغ دینا ہے۔انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ دانش اسکولوں کا تصور پہلی مرتبہ سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف اور محمد شہباز شریف نے بطور وزیرِ اعلیٰ پنجاب متعارف کروایا تھا تاکہ محروم اور پسماندہ طبقات کے بچوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی تعلیمی پالیسی شمولیت اور اعلیٰ معیارِ تعلیم کے اصولوں پر مبنی ہے، اور بھمبر کا دانش اسکول مستقبل میں علمی و تعلیمی معیار کا ایک نمایاں مرکز بن کر ابھرے گا۔دانش سکول سسٹم حکام کے مطابق منصوبہ آئندہ 3 ماہ میں مکمل ہوجائے گاجس پروفاقی وزیر نے کہاکہ انشاء اللہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف افتتاح کریں گے۔دانش سکول پراجیکٹ ڈائریکٹر ہارون داس کی طرف سے بریفنگ کے بعد۔سابق سینیر وزیر حکومت آزادکشمیر چوہدری طارق فاروق نے وفاقی وزیرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے قائدمسلم لیگ ن سابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف،موجودہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے ویژن کو سراہا،،پروجیکٹ کو خوش آئندقراردیااور کہاکہ نالہ بھمبر نالہ کس چناتر کے باعث سیلاب کا خدشہ ہے،عوامی تحفظات موجود ہیں۔1992 میں ایک بڑا سیلاب آیا تھا جس سے بھمبر بری طرح متاثر ہواتھا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ عوامی تحفظات کو دور کیا جائے گا

۔انہوں نے پاک افواج کی ملک کے لیے بے مثال خدمات کو سراہتے ہوئے خصوصاً“معرکہ حق”میں ان کے جرات مندانہ کردار کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تاریخی کامیابی نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور دنیا بھر میں ملک کو عزت و احترام دلایا ہے۔اس سے قبل پی ڈبلیو ریسٹ ہاوس آمد پر سابق سینئروزیرومسلم لیگ ن آزادکشمیر کیصدر شاہ غلام قادر، سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق،سابق سینئروزیرملک محمدنواز،سابق وزیرچوہدری محمدرخسار و دیگرقائدین نے خیرمقدم کیا اور مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر کے دورے کیدوران میرپور اور بھمبر اضلاع کے مسلم لیگی عہدیدران و کارکنان نے پرتباک استقبال کیا۔