اسلام آباد (اے ایف بی) جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام پونچھ کی موجودہ صورتحال پر مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، سابق صدر و وزیراعظم سردار یعقوب خان، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس سمیت دیگر سینئر سیاسی رہنماؤں نے شرکت اور خطاب کیا۔ اجلاس میں پونچھ کی صورتحال، احتجاج، دھرنے اور سکیورٹی آپریشن کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا، جبکہ مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات اور پرامن راستہ اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔اجلاس کے اعلامیے میں دھرنے کا پرامن حل نکالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کسی بھی قسم کے فوجی آپریشن کو مسترد کردیا گیا۔ شرکاء نے مؤقف اختیار کیا کہ پونچھ کی صورتحال کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور سیاسی عمل کے ذریعے ممکن ہے
۔اجلاس میں مسئلے کے حل کے لیے سابق صدر سردار مسعود خان کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی میں سردار یعقوب خان، سردار تنویر الیاس، بریگیڈیئر محمد خان، ڈاکٹر خالد محمود اور سردار حسن ابراہیم شامل ہوں گے۔ کمیٹی دھرنے کے معاملے پر مختلف فریقین سے رابطے کرکے قابل قبول اور پرامن حل تلاش کرنے کی کوشش کرے گی۔
سردار مسعود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پونچھ کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے راولاکوٹ میں احتجاج اور سکیورٹی فورسز کا آپریشن بیک وقت ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے خارج کرنے کے لیے قانونی طریقہ کار طے کرنے، اسلحہ بردار نوجوانوں کی مرحلہ وار بحالی کے لیے ٹی ڈی آر ماڈل اپنانے اور ایکشن کمیٹی کے 38 مطالبات پر حکومتی پیش رفت کا وائٹ پیپر جاری کرنے کی تجاویز بھی دیں۔سردار مسعود خان نے کہا کہ پونچھ کے مسئلے کے حل کے لیے پاکستان کی سیاسی قوتوں، بیرون ملک حکومتوں اور تارکین وطن کو بھی اعتماد میں لیا جائے، جبکہ ایکشن کمیٹی کو سیاسی عمل میں واپسی کے لیے مناسب گنجائش فراہم کی جائے۔ انہوں نے ایسے شہداء کے لواحقین کے لیے معاوضے کا طریقہ کار وضع کرنے پر بھی زور دیا جو سکیورٹی فورسز پر براہ راست حملوں میں ملوث نہیں تھے۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پونچھ کی صورتحال کا حل مذاکرات، سیاسی مشاورت اور پرامن اقدامات کے ذریعے نکالا جائے تاکہ کشیدگی میں کمی اور معمولات زندگی کی بحالی ممکن ہوسکے۔

