ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے بارش،آندھی اورنالوں میں طغیانی کے باعث ہوئے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی

مظفرآباد( اے ایف بی) ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی مظفرآباد نے گزشتہ رات ہونے والی بارش، آندھی اور نالوں میں طغیانی کے باعث ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی۔ تحصیل پٹیکہ کی یونین کونسل سرلی سچا کے موضع محلہ سموٹھ پلہ میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث مقامی نالے میں طغیانی آ گئی جس سے فلیش فلڈ کی صورتحال پیدا ہو گئی اور سیلابی پانی رہائشی آبادی میں داخل ہو گیا۔ فلیش فلڈ کے نتیجے میں 12 مکانات کو جزوی نقصان،2 دکانیں، ایک مسجد اور پرائمری سکول کی عمارت بھی متاثر ہوئی ہے۔ تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور چوکی آفیسر پٹہکہ فوری طور پر موقع پر روانہ ہوئے اور ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ پانی کا بھاؤ کم ہونے کے بعد معمولات زندگی کی بحالی کا عمل بھی جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔