مظفرآباد(اے ایف بی ) آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے انتخابات 2026 کے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدار انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر من و غن عملدرآمد کے لئے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو مکتوب تحریر کر دیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کے ذریعے تحریر کردہ مکتوب میں چیف سیکرٹری سے کہا گیا ہے کہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے لیے ضابطہ اخلاق باقاعدہ طور پر جاری کر دیا گیا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں ان کے امیدواروں، پولنگ ایجٹس اور اس کے ساتھ ساتھ انتظامیہ الیکشن سے متعلق قوانین پر من و غن عملدرآمد کو یقینی بنائے۔
مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات سے متعلق جو ہدایات جاری کی ہیں سرکاری حکام اور انتظامیہ اس پر عملدرآمد کرے حکام الیکشن شیڈول کے جاری ہونے کے بعد کسی آسامی پر تقرری تبدیلی نہ کرے تاکہ صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہوسکے۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر تمام سیکرٹریز حکومت اور سربراہان منسلکہ محکموں کو پابند کریں کہ وہ الیکشن کمیشن کی ہدایات پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ریاستی وسائل کو اس طرح ہرگز استعمال نہ کریں کہ جس سے انتخابات پر اثرانداز ہونے کا اندیشہ ہو۔






