کراچی (اے ایف بی)پاکستانی فیشن انڈسٹری کے مقبول ڈیزائنر و اداکار حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائی نے بینائی سے محرومی کا انکشاف کیا ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ میں تقریباً ایک سال تک دونوں آنکھوں کی بینائی سے مکمل طور پر محروم رہا۔فیشن ڈیزائنر و اداکار کے مطابق اس تجربے نے مجھے شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا تھا، جس کے بعد زندگی کو دیکھنے اور محسوس کرنے کا میرا انداز بھی بدل گیا۔حال ہی میں ایچ ایس وائی نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بچپن میں پیش آنے والی مشکلات و والدہ کی قربانیوں کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
ایچ ایس وائی نے کہا کہ اچانک بینائی سے محرومی نے مجھ پر گہرا اثر ڈالا، بینائی ختم ہونے کے بعد مجھے اپنے دیگر حواس پر زیادہ انحصار کرنا پڑا۔انہوں نے بتایا کہ جب کسی کی آنکھیں کام کرنا چھوڑ دیتی ہیں تو اس کے دوسرے حواس زیادہ تیز ہو جاتے ہیں، میں 4 کمروں کے فاصلے سے اپنی والدہ کو روتے ہوئے اس طرح سن لیتا تھا جیسے وہ میرے بالکل قریب ہوں۔فیشن ڈیزائنر نے کہا کہ تقریبا 1 سال تک میری بینائی متاثر رہی، جس کے بعد میں نے علاج کروایا، میری متعدد سرجریز ہوئیں، بعدازاں میری بینائی واپس آ گئی۔

