راولپنڈی (اے ایف بی ) صوبہ بلوچستان کے ضلع بارکھان میں سکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم اس شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت پاک فوج کے 5 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بارکھان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا، فورسز نے شرپسندوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر انہیں گھیرا، جس کے بعد دونوں طرف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے 5 اہلکار شہید ہوئے جن میں میجر توصیف احمد بھٹی، نائیک فدا حسین، سپاہی سہیل احمد، سپاہی ذاکر حسین اور سپاہی محمد ایاز شامل ہیں، ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ویژن ’عزمِ استحکام‘ کا حصہ ہے، جس کا مقصد سرحدوں کا دفاع اور ملک دشمن عناصر کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور بیرونی ایما پر کام کرنے والے گروہوں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، علاقے میں کلیئرنس آپریشنز تب تک جاری رہیں گے جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، ان دہشت گردوں کو سرحد پار سے مدد حاصل تھی، لیکن فورسز کسی بھی قیمت پر ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کریں گی۔






