کراچی: (اے ایف بی) ایسٹ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات سپلائی نیٹ ورک کے اہم کارندے میاں بیوی گرفتار کر لیے۔منشیات کے مکروہ دھندے کے خاتمے کے لیے ڈی آئی جی ایسٹ زون اور ایس ایس پی ایسٹ کے واضح احکامات کی روشنی میں ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ اور ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے کی نگرانی میں نیو سبزی منڈی چوکی پولیس نے اہم کارروائی کی۔ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر چاکر ہوٹل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی سپلائی میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے ایک بیگ برآمد ہوا، جس کی تلاشی کے دوران 14 چپلوں میں مہارت سے چُھپائی گئی منشیات تھرا اور دو پیکٹ چرس برآمد کرلی گئی۔
گرفتار ملزم اور ملزمہ کی شناخت علی رضا ولد صفدر علی اور مسمات مریم زوجہ علی رضا کے نام سے ہوئی ہے۔ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ کوئٹہ سے شعیب نامی شخص کے ذریعے بسوں میں منشیات کراچی منگواتے تھے، کراچی پہنچنے کے بعد ملزم علی رضا اپنی اہلیہ کے ہمراہ منشیات وصول کرتا اور آسٹریلیا بھجوانے کا انتظام کرتا تھا۔آسٹریلیا میں موجود نیٹ ورک کا مرکزی سرغنہ منشیات وصول کرکے فروخت کرتا، جبکہ فروخت کی رقم پاکستان میں موجود کارندوں کو منتقل کی جاتی تھی۔گرفتار ملزم اور ملزمہ کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جبکہ منشیات سپلائی نیٹ ورک کے دیگر کارندوں اور اس کے مزید روابط کے حوالے سے تفتیش و کارروائیاں جاری ہیں۔

