اسلام آباد (اے ایف بی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مشتبہ جعلی این جی او/کوپ 31 ویزے پر ترکیہ جانے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا، مسافر نے مبینہ طور پر ایجنٹ کے ذریعے 11 لاکھ 50 ہزار روپے کے عوض ویزا حاصل کیا تھا جبکہ امیگریشن حکام کو کلیئرنس کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت دینے کی کوشش کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق پیر کو اسلام آباد زون میں مسافر قطر ایئر ویز کی پرواز QR-615 کے ذریعے ترکیہ روانہ ہونے والا تھاتاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران ایک افسر نے سفری دستاویزات اور دورے کے مقصد میں تضادات کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے روک لیا۔پیشہ ورانہ پروفائلنگ کے دوران مسافر کے سفری منصوبے اور دستاویزات میں بے ضابطگیاں سامنے آئیں جس پر اسے مزید جانچ پڑتال کے لیے سیکنڈ لائن امیگریشن افسر کے پاس بھجوا دیا گیا۔
مزید تفتیش کے دوران مسافر کے سفری دستاویزات اور موبائل فونز کی جانچ سے انکشاف ہوا کہ اس نے ایک ایجنٹ کے ذریعے 11 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کرکے این جی او/کوپ 31 کا ویزا حاصل کیا تھا۔ایجنٹ نے مبینہ طور پر اسے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ اس ویزے پر ترکیہ میں ملازمت بھی کر سکے گا حالانکہ یہ ویزے کی شرائط کے خلاف تھا۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ مسافر ایچ او پی ای این جی او کا رکن نہیں تھاجبکہ واٹس ایپ پیغامات اور موبائل فون ڈیٹا سے ایجنٹ کے ساتھ اس کے رابطوں اورویزے کے مبینہ غلط استعمال کے شواہد ملے۔ایف آئی اے کے مطابق ایجنٹ نے مسافر کو امیگریشن حکام سے کلیئرنس حاصل کرنے کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت کی پیشکش کرنے کی ہدایت بھی کی تھی جس سے امیگریشن عمل میں غیر قانونی مداخلت کی کوشش بے نقاب ہوئی۔بےضابطگیوں کے انکشاف کے بعد مسافر کو آف لوڈ کرکے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا۔

