راولپنڈی(اے ایف بی) جڑواں شہروں میں میٹرو سروس کا بڑا نظام اچانک رُک گیا، جس نے روزمرہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس ملازمین کی برطرفیوں کے خلاف احتجاج کے باعث بند ہو گئی۔ مشتعل مظاہرین نے میٹرو ٹریک پر دھرنا دے کر بسوں کی آمد و رفت روک دی، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق احتجاج میں خواتین ملازمین کی بھی بڑی تعداد شریک تھی، جبکہ شرکاء نے حکومت کے فیصلے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور برطرفیوں کو مسترد کر دیا
۔مظاہرین کے مطابق متاثرہ ملازمین کے کنٹریکٹس 2027 تک مؤثر تھے، مگر اس کے باوجود انہیں ملازمتوں سے نکال دیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ گزشتہ دو ماہ کی تنخواہیں تاحال ادا نہیں کی گئیں۔ احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ میٹرو بس سروس کا ٹھیکہ ایک نئی کمپنی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جس کے بعد موجودہ عملے کو فارغ کیا جا رہا ہے۔ ملازمین نےمریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کریں اور متاثرہ کارکنوں کو انصاف فراہم کریں۔






