لاہور (اے ایف بی)سموگ کی شدت بڑھنے پر سکولوں کے اوقات تبدیل کرنے اور تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں سموگ کی روک تھام اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جامع ایکشن پلان مرتب کر لیا۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ سموگ سے نمٹنے کے لیے صوبائی کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ ضلعی سطح پر خصوصی کنٹرول کمیٹیاں فعال کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ دستاویز میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی روزانہ مانیٹرنگ اور عوام کو پیشگی وارننگ جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسموگ کے دنوں میں بچوں کی آؤٹ ڈور سرگرمیاں فوری بند کرنے کی ہدایت جبکہ شدت بڑھنے کی صورت میں اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے اور تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز بھی شامل ہے
۔دوسری جانب اسموگ متاثرین کے بروقت علاج کے لیے تمام اسپتالوں کو ہائی الرٹ رہنے اور ضروری ادویات و آکسیجن کی دستیابی ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ سرکاری دستاویز میں کہا گیا کہ اسموگ پھیلانے والی فیکٹریوں اور دھواں چھوڑنے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ صنعتی یونٹس کو ماحولیاتی اخراج کے مقررہ معیار پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔ اسی طرح دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کرنے اور گاڑیاں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے
۔ اس مقصد کے لیے پولیس، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو مشترکہ آپریشن کا ٹاسک سونپا گیا ہے اور تمام ڈپٹی کمشنرز (ڈی سیز) کو کارروائیوں کی پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پلان میں اسموگ کے دوران کوڑا کرکٹ اور فصلوں کی باقیات جلانے پر دفعہ 144 نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے والے کسانوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ مزید برآں تعمیراتی مقامات پر گرد و غبار روکنے کے لیے خصوصی اقدامات اور مرکزی شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ و صفائی کا عمل تیز کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

