اسلام آباد (اے ایف بی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان اور چین کی معیشتوں کو جوڑا ہے، جبکہ چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور اعتماد کو فروغ دے گا۔اسلام آباد میں چین پاکستان انفارمیشن کوریڈور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں رابطہ طاقت اور بیانیہ خودمختاری ہے، جو قوم اپنی کہانی خود نہیں سناتی، اس کی کہانی دوسرے سناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی نسل در نسل منتقل ہونے والا قیمتی ورثہ ہے، جسے نئی نسل تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے میڈیا، معلومات کے تبادلے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا مؤثر استعمال وقت کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے دہائیوں کی خیرسگالی کو عملی ترقی، توانائی کے منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے میں تبدیل کیا۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے نے دونوں ممالک کی زمینوں کو جوڑا، جبکہ اگلے مرحلے میں ذہنوں کو ملانے پر توجہ دی جائے گی، سی پیک 2.0 کے تحت ترقی، روزگار، جدت اور ماحول دوست ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ہدف ہے۔

