اسلام آباد: مقامی چھٹیوں کے باعث تعلیمی ادارے چار دن بند

اسلام آباد(اے ایف بی) دو روزہ تعطیل کے باعث تعلیمی ادارے چار دن تک بند رہیں گے اور پیر کے روز دوبارہ کھل جائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد انتظامیہ نے ایران اور امریکہ کے متوقع مذاکرات اور سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر 9 اور 10 اپریل (جمعرات اور جمعہ) کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد تعلیمی ادارے مسلسل چار روز تک بند رہیں گے۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تعطیلات وفاقی دارالحکومت کی ریونیو حدود میں نافذ العمل ہوں گی۔ جمعرات اور جمعہ کی چھٹیوں کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی تعطیلات شامل ہونے سے اسکولز اور کالجز اب پیر کو دوبارہ کھلیں گے۔تاہم ضروری سرکاری دفاتر اور عوامی خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ 9 اور 10 اپریل کو ہونے والے امتحانات اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔بورڈ حکام کے مطابق طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ امتحانی مراکز پر بروقت پہنچیں۔واضح رہے کہ یہ فیصلے اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان متوقع اہم مذاکرات اور سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر کیے گئے ہیں، جن کی میزبانی کی پیشکش شہباز شریف کی جانب سے کی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں