پیپلزپارٹی قیادت کا اہم اجلاس، انتخابات، عوامی رابطہ مہم اور مسئلہ کشمیر زیر بحث

اسلام آباد (اے ایف بی) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اور سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور مسئلہ کشمیر سمیت مختلف اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران کوئٹہ بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے شہداء کے درجات کی بلندی، غمزدہ خاندانوں کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

ملاقات میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے پارٹی پالیسی، تنظیمی معاملات اور سیاسی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوامی مسائل کے حل، جمہوری استحکام اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر بھرپور انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔

مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیری عوام کے جذبۂ حریت کو دبایا نہیں جا سکتا۔ملاقات میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور ملک بھر خصوصاً آزاد کشمیر میں پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنا کر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کی جائے گی