حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی

لاہور: (اے ایف بی ) عید کے تیسرے دن عوام کے لئے تحفہ، وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی۔وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 22 روپے کمی اور ڈیزل کی قیمت میں بھی 22 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی فی لٹر قیمت 381 روپے 78 پیسے مقرر، ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لٹر ہوگئی، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے ہوگا۔وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ جیسے ہی گنجائش پیدا ہو گی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا، اس وعدے پر ہو بہو عمل کیا گیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا میری اولین ترجیحات میں شامل ہے، پچھلے ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔وفاقی حکومت نے سخت ترین حالات میں بھی عوام کے لئے ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا اور پبلک، گڈز ٹرانسپورٹ اور موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لئے فیول پر سبسڈی دی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق جب خطے کے دوسرے ممالک میں پٹرول حاصل کرنے کے لئے قطاریں لگی ہوئی تھیں، پاکستان میں وزیراعظم کے بر وقت اقدامات کی بدولت عوام کو پٹرول اور ڈیزل دستیاب تھا۔جب دنیا میں تیل کا بد ترین بحران تھا، اس دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیراعظم کی جانب سے 130 روپے سے زائد کی سبسڈی دے کر تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکا گیا اور سبسڈی کی مد میں بھی عوام کو ریلیف مہیا کیا گیا