کشمیر گلگت بلتستان

شہداء زلزلہ کی عظیم قربانیوں نے درد ناک تاریخ رقم کی جس کے زخم آج بھی تازہ ہیں‘ راجہ فیصل ممتاز راٹھور

مظفرآباد(اے ایف بی)آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم،ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے 8اکتوبر 2005کے قیامت خیز زلزلہ میں شہید ہونے والے نہتے انسانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آزادکشمیر میں تعمیر نو اور متاثرین کی آباد کاری کیلئے افواج پاکستان، عالمی برادری، این جی اوز اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ شہداء زلزلہ کی عظیم قربانیوں نے اگرچہ ایک درد ناک تاریخ رقم کی ہے، جس کے زخم آج بھی تازہ ہیں، شہداء کے ورثاء کو جدائی کا غم بھی اب بھی دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے، لیکن قانون قدرت ہے کہ زندگی رواں دواں رہتی ہے، آج مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ میں ہونے والی تعمیرات جدید سہولیات شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے،

شہداء زلزلہ 21ویں برسی کے موقع پر قوم کے نام اپنے ایک پیغام میں پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما، سابق وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ جس طرح عالمی برادری نے تعمیر نو کیلئے انسانی بنیادوں پر وافر مقدار میں فنڈز فراہم کیے، 8اکتوبر کے بعد سسکتی انسانیت کو افواج پاکستان نے ریسکیو کیا، متاثرین کی آباد کاری اور تعمیر نو میں کلیدی کردار ادا کیا، وہ تاریخ کا درخشندہ باب ہے، آج بھی ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں شروع کیے گئے منصوبوں کی تکمیل کیلئے بالعموم اور تعلیمی اداروں کیلئے باالخصوص فنڈز مختص کیے جائیں، اور حکومت آزادکشمیر اپنی 100روزہ پلان میں تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز کی عمارات،عصر حاضر کی سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کو ترجیحات میں شامل رکھے، راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کے حقوق کی ترجمان ہے، صدر پاکستان آصف علی زردراری نے آزادکشمیر کے تعمیر نو میں جس دلچسپی کا مظاہرہ کیا تھا وہ آج بھی کشمیری عوام کیلئے باعث عزت ہے،

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوام کے حقوق کے لیے اقوام متحدہ، یورپی یونین سمیت عالمی سطح پر جس طرح دن رات محنت کر رہے ہیں، وہ پاکستان کی ترقی کا رازہے، معرکہ حق بنیان مرصوص کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر کے ایوانوں میں جا کر پاکستان کا قومی موقف بھی دلائل سے اجاگر کیا، اور مسئلہ کشمیر پر بھی کامیاب سفارت کاری کی، چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ اپنی ترجیحات میں شامل رکھا، اور صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کشمیری عوام کی مطالبات کو فوری منظور کرتے ہوئے پیداواری لاگت پر بجلی اور سبسڈی پر آٹا دینے کیلئے 23 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی، اہل کشمیر پاکستان کے ساتھ اپنے نظریاتی رشتوں کو آنے والی نسلوں کا سرمایہ حیات تصور کرتے ہیں۔

تبصرہ لکھیں

Verified by MonsterInsights