سپورٹس

حارث رؤف اور انگلش ٹیم پر آئی سی سی نے جرمانہ عائد کردیا

لاہور(اے ایف بی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کردیا۔واقعہ اتوار کو لاہور میں پاکستان کی اننگز کے 46ویں اوور کے اختتام پر پیش آیا، جب حارث رؤف نے وائیڈ کی اپیل کی اور انگلش آل راؤنڈر ول جیکس سے بحث شروع کردی۔اس دوران انہوں نے اپنا بیٹ اٹھایا اور امپائر شرف الدولہ کی تنبیہ کے باوجود بحث جاری رکھی، آئی سی سی نے حارث رؤف کو ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا

۔آئی سی سی کے مطابق حارث رؤف پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا ہے۔ یہ 24 ماہ کے دوران ان کی تیسری خلاف ورزی تھی، جس کے بعد ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔حارث رؤف نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری جیف کرو کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کرلی، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم کو بھی مقررہ وقت میں تین اوورز کم کرنے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے، انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے بھی اپنی غلطی کو تسلیم کرلیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر تین ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی ہے، جہاں اس کا مقابلہ 31 اکتوبر کو سری لنکا سے ہوگا۔

تبصرہ لکھیں

Verified by MonsterInsights