اسلام آباد(اے ایف بی)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی)کے نظام کو مضبوط بنانے، قابلِ عمل اور پائیدار منصوبوں کی تیاری اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے 25 کروڑ ڈالر پالیسی پر مبنی قرضہ کی منظوری دیدی ہے ۔بینک کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس مالی معاونت کے ذریعے حکومت پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے موزوں اور مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ے منصوبوں کی تیاری میں مدد فراہم کی جائے گی جبکہ بالخصوص معیاری اور کم لاگت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تیاری اور مالیاتی خطرات کے موثر انتظام سے متعلق اصلاحات کی معاونت کی جائے گی۔پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فن نے بتایا کہ منصوبوں کی جامع جانچ پڑتال، شفاف معلومات کی فراہمی اور مالیاتی خطرات کا موثر انتظام پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کو پائیدار بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں
۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام حکومت پاکستان کی عوامی سرمایہ کاری اور مالیاتی انتظام کے نظام کو مضبوط بنانے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بہتری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی شعبے کی زیادہ سرمایہ کاری متحرک کرنے کے لئے اے ڈی بی کے عزم کا عکاس ہے۔اعلامیہ کے مطابق پائیدار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ کا یہ پروگرام 2024 میں منظور کئے گئے پہلے مرحلے کا تسلسل ہے جس کے تحت پاکستان میں پی پی پی سے متعلق قانونی اور پالیسی فریم ورک کو مضبوط بنانے میں معاونت فراہم کی گئی تھی۔ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں وفاقی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری سے متعلق امور کو متحدہ پلیٹ فارم کے تحت یکجا کرنے کے لئے اقدامات کی معاونت کی گئی ہے ، پروگرام کے تحت چار وفاقی وزارتوں اور متعلقہ اداروں میں خصوصی پی پی پی یونٹس کے قیام اور پی پی پی منصوبوں سے منسلک مالیاتی واجبات کی نگرانی اور ان کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لئے قومی فریم ورک کی تیاری میں بھی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
بینک کی معاونت سے حکومت نے 2026 سے 2030 تک کے لئے درمیانی مدت کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی فہرست بھی منظور کر لی ہے ،اس سلسلے میں نیشنل پی پی پی اینڈ انویسٹمنٹ نالج ہب وفاقی اداروں کو تربیت اور تکنیکی معاونت فراہم کرے گا جبکہ صوبائی حکومتیں بھی اس کے علمی وسائل اور تجربات کے تبادلے کے پروگراموں سے استفادہ کر سکیں گی،پروگرام میں پی پی پی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور خریداری کے عمل میں شمولیت اور موسمیاتی و دیگر خطرات کے مقابلے کی صلاحیت کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق پروگرام کے لئے اے ڈی بی کے تکنیکی معاونت خصوصی فنڈ سے 11 لاکھ ڈالر اور ایشیا پیسفک پراجیکٹ پریپریشن فیسیلٹی سے 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے، اس معاونت سے وفاقی سطح پر پی پی پی منصوبوں کی تیاری اور ادارہ جاتی استعداد میں بہتری، پیشہ وارانہ سرٹیفکیشن، تجربات کے تبادلے اور مالیاتی خطرات کے جائزے کے آلات کی تیاری میں مدد ملی ہے۔
