نواز شریف کا مسلم لیگ ن میں پارٹی سطح پر تبدیلیوں کا فیصلہ

لاہور (اے ایف بی) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد صدر نواز شریف نے پارٹی سطح پر تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاق اور پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ ن میں پارٹی سطح پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں سے تجاویز طلب کرلی ہیں، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزیر احسن اقبال کو پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل کے عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے جس کے نتیجے میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کو یہ عہدہ ملنے کی توقع ظاہر کی جارہی تھی۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ وفاقی حکومت میں جاری ذمہ داریوں کی مصروفیت کے باعث عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرچکے ہیں اور انہوں نے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ پنجاب کی بجائے کسی دوسرے صوبے کے رہنماء کو دینے کی تجویز دی ہے، انہوں نے پنجاب کے پارٹی صدر اور صوبائی سیکریٹری جنرل کا عہدہ بھی تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے، رانا ثناء اللہ نے پارٹی کو پنجاب میں 2 یا 3 حصوں میں تقسیم کرنے کی بھی تجویز دی تاکہ کارکنوں اور لیڈر شپ میں رابطے بحال ہوں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے اور سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو ن لیگ پنجاب کا صدر بنائے جانے کا امکان ہے، اس کے علاوہ فعال ورکرز کو ضلعی اور ڈویژن کی سطح پر عہدے دینے کے لیے تجاویز طلب کی گئی ہیں، صدر مسلم لیگ ن کو ایک یہ بجویز دی گئی ہے کہ قائد کے علاوہ کسی اور کے پاس پارٹی کا کوئی بھی عہدہ 5 سال سے زیادہ نہیں ہونا چاہیئے، نواز شریف پارٹی کی تنظیم نو کے لیے جلد اجلاس بلا کر مزید تجاویز طلب کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں