راجہ فاروق حیدرخان کی رٹ پٹیشن پرعدالت عالیہ کابڑاحکم

مظفرآباد( اے ایف بی)عدالت عالیہ آزاد جموں و کشمیر مظفرآباد نے سابق وزیرِ اعظم راجہ فاروق حیدر خان اور عوام آزاد حکومت کی جانب سے دائر کردہ ایک اہم رٹ پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو جواب دہی کے لیے طلب کرتے ہوئے موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، عدالت عالیہ آزاد جموں و کشمیر میں قائم مقام چیف جسٹس جناب جسٹس سید شاہد بہار کی سربراہی میں ایک اہم کیس کی سماعت ہوئی۔ یہ رٹ پٹیشن سابق وزیرِ اعظم راجہ فاروق حیدر خان اور عوام آزاد حکومت جموں و کشمیر کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ عدالت العالیہ نے اس ہائی پروفائل کیس کی سنگینی کو مدِنظر رکھتے ہوئے باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

عدالت عالیہ کی جانب سے جاری کردہ آفیشل نوٹس کے مطابق، اس کیس میں متعدد اعلیٰ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔ معزز عدالت نے چیف انجینئر مواصلات و تعمیرات مظفرآباد ڈویژن آزاد جموں و کشمیر کو ریسپانڈنٹ نمبر 10، سپرنٹنڈنگ انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات سرکل مظفرآباد کو ریسپانڈنٹ نمبر 11، اور اکاؤنٹنٹ جنرل آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ پری آڈٹ بِلز مظفرآباد کوباقاعدہ طلب کر لیا ہے۔ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے تحت تمام فریقین کو رٹ پٹیشن کی نقول معہ ضمیمہ جات ارسال کر دی گئی ہیں۔

عدالت عالیہ نے تمام فریقین کو سخت احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ رٹ پٹیشن کے مندرجات کی روشنی میں اپنا تفصیلی اور ضمن وار تبصرہ و جواب مقررہ وقت سے قبل عدالت میں جمع کروائیں۔ مزید برآں، معزز عدالت نے حکم دیا ہے کہ اس دوران کیس سے متعلقہ تمام موجودہ صورتحال اگلی تاریخِ سماعت تک جوں کی توں بحال رکھی جائے۔ عدالت عالیہ نے اپنے حکم نامے میں واضح کیا ہے کہ اگر کسی بھی فریق کو ان احکامات پر کوئی اعتراض یا عذر ہو تو وہ قانون کے مطابق اپنے عذرات عدالت کے سامنے پیش کر سکتا ہے۔ عدالت نے اس کیس کی آئندہ تاریخِ سماعت 18 مئی 2026 مقام مظفرآباد مقرر کی ہے۔