اسلام آباد (اے ایف بی)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات دانیال چوہدری نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی نومنتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئےمیڈیا ٹاؤن فیز ٹو سمیت صحافی برادری کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا ئی ہےجبکہ بھارہ کہو ہاؤسنگ اسکیم ،ایف چودہ اور ایف پندرہ میں صحافیوں کیلئے پلاٹس ترجیحی بنیادوں پرجاری کئے جائینگے۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب کیلئے ایک کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورے کے موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات دانیال چوہدری کا صدرعبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ اور دیگر عہدیداران نےپرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کے ارکان اور سینئر صحافی بھی موجود تھے۔دانیال چوہدری نے نومنتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں اور جمہوریت کے استحکام میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ مسائل کے حل اور آزادی صحافت کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے نیشنل پریس کلب کیلئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فنڈ سے پریس کلب کی بہتری، صحافیوں کی سہولیات اور فلاحی منصوبوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا
۔اس موقع پرصدر این پی سی عبدالرزاق سیال اور سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کو صحافیوں کے مسائل، میڈیا انڈسٹری کی زبوں حالی، ورکرز کی نوکریوں سے برطرفی سمیت میڈیا ٹاؤن فیز ٹو، بھارہ کہو ہاؤسنگ اسکیم ،جی چودہ اور جی پندرہ میں صحافیوں کیلئے پلاٹس کے مسائل کے حوالے سے بتایا۔ دانیال چوہدری نے متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی اور این پی سی کی قیادت کو وزارت اطلاعات میں ملاقات کیلئے دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی رہائشی مشکلات کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔نیشنل پریس کلب کی قیادت نے دانیال چوہدری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے حکومتی تعاون خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اعلان کردہ گرانٹ کو حالیہ بجٹ سے قبل ریلیز کر دیا جائے گا جبکہ رہائشی اسکیموں سے متعلق مسائل بھی جلد حل ہوں گے جس سے صحافیوں کو ریلیف ملے گا۔
ہ






