الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے نئی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

مظفرآباد( اے ایف بی)الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے نئی حلقہ بندیوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے بعد ریاست میں انتخابی حلقہ بندیوں کا نیا نظام نافذ العمل ہو گیا ہے۔ نوٹیفکیشن سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کے دستخط سے جاری کیا گیا، اعلامیے کے مطابق آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر 45 انتخابی حلقے برقرار رکھے گئے ہیں، ضلع وار تقسیم کے مطابق میرپور میں 4، بھمبر میں 3، کوٹلی میں 6، باغ میں 4، پونچھ اور سدھنوتی میں مجموعی طور پر 7، نیلم میں 2 جبکہ مظفرآباد میں 7 انتخابی حلقے قائم کیے گئے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جموں مہاجرین کے لیے 6 اور کشمیر ویلی مہاجرین کے لیے بھی 6 مخصوص نشستیں برقرار رکھی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نئی حلقہ بندیاں آبادی، جغرافیہ، تحصیل حدود، پٹواری سرکلز اور دیہی یونٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں میونسپل کارپوریشنز اور کینٹونمنٹ بورڈز کی حدود میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے۔ راولاکوٹ، ہجیرہ، تراڑکھل، مظفرآباد، لیپہ، چکار، ہٹیاں اور کھوئی رٹہ سمیت متعدد علاقوں میں نئی حد بندیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔