حکومت نے بلدیاتی اداروں کے لیے ایک ارب 60کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے

مظفرآباد(اے ایف بی) حکومت آزادکشمیر نے بلدیاتی اداروں کے لیے ایک ارب 60کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے، حکومت آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی نے مالی سال 2025-26 کیلئے بلدیاتی اداروں کو“Aid to Councils”کی مد میں ایک ارب 60 کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فنڈز آزاد کشمیر بھر کی میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں، ٹاؤن کمیٹیوں اور ضلع کونسلوں کو فراہم کیے جائیں گے تاکہ شہری سہولیات، صفائی، نکاسی آب، سٹریٹ لائٹس اور ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کیا جا سکے۔نوٹیفکیشن کے مطابق 10 میونسپل کارپوریشنز کیلئے 50 کروڑ 4 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ 278 یونین کونسلز کیلئے 18 کروڑ روپے جاری ہوں گے۔ اسی طرح 286 ویلیج کونسلز کیلئے 83 کروڑ 44 لاکھ روپے، 133 لوکل کونسلز کیلئے 15 کروڑ 96 لاکھ روپے، 77 ٹاؤن کمیٹیوں کیلئے 6 کروڑ 16 لاکھ روپے اور 53 ضلع کونسلوں کیلئے 3 کروڑ 71 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

۔اعلامیے کے مطابق پانچ میونسپل کارپوریشنز کیلئے خصوصی طور پر 69 لاکھ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی ہے جو مالی سال 2023-24 کی سیلف انکم کی بنیاد پر“Inverse Formula”کے تحت تقسیم کی جائے گی۔سب سے زیادہ فنڈز میونسپل کارپوریشن میرپور کو ملیں گے، جس کیلئے 16 کروڑ 67 لاکھ 37 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔ میرپور کارپوریشن کا شیئر 41.51 فیصد رکھا گیا ہے۔میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کیلئے 11 کروڑ 35 لاکھ 56 ہزار روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ اس کا حصہ 28.27 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کو 2 کروڑ 85 لاکھ 79 ہزار روپے ملیں گے۔میونسپل کارپوریشن باغ کیلئے 4 کروڑ 44 لاکھ 89 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔میونسپل کارپوریشن کوٹلی کو 4 کروڑ 83 لاکھ 2 ہزار روپے جاری کیے جائیں گے۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام بلدیاتی ادارے یہ فنڈز صرف عوامی فلاحی اور ترقیاتی مقاصد کیلئے استعمال کریں گے جبکہ اخراجات کی مکمل تفصیلات حکومت کو فراہم کرنا بھی لازم ہوگا۔