اسلام آباد (اے ایف بی )وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ وزیراعظم کے ساتھ دہشت گردی کے مسئلہ پر سر جوڑ کر بیٹھیں۔وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کے پی میں جو دہشت گردی کی صورتحال تھی اس پر صوبائی حکومت کا تعاون نہیں مل رہا تھا، بلوچستان میں صوبائی حکومت مکمل طور پر وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں تو وزیراعظم اس سارے مسئلہ پر بیٹھنے کے لیے تیار ہیں، میں آج تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ دہشت گردی کے معاملے پر وزیراعظم کے ساتھ بیٹھیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آج بھی دہشت گردی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سپیکر قومی اسمبلی کے دستخط سے اپوزیشن لیڈر بنے ہیں، اپوزیشن کا عہدہ سنبھال لیا ہے کہ لیکن سپیکر چیمبر میں اچکزئی جانے کے لیے تیار نہیں ہیں، میں خود محمود اچکزئی کے پاس گیا اور کہا کہ ضد چھوڑیں اور وزیراعظم سے ملاقات کریں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایپکس کمیٹی میں اپوزیشن کے دوست نہیں آتے، وہاں کھل کر بات چیت ہوتی ہے، ملک اس وقت دہشت گردی کا مقابلہ کررہا ہے،کل ہی ایک میجر کی شہادت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں میں گالی گلوچ بریگیڈ اداروں کے خلاف بیانیہ بناتا ہے، رولز،قوانین کے تحت ملاقاتوں پر پابندی لگے گی، کبھی بانی پی ٹی آئی عدالتوں کے ذریعے باہر جیل سے آنا چاہتے ہیں اور کبھی ٹرمپ کے ذریعے باہر آنا چاہتے ہیں۔
