اسلام آباد ( اے ایف بی) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق اپنے پیدائشی حق، حقِ خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن اس جائز اور قانونی مطالبے کی پاداش میں بھارت ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ حریت رہنماں محمود احمد ساغر، شیخ محمد یعقوب، حسن البنا، شمیم شال ، سید اعجاز رحمانی، زاہد صفی، زاہد اشرف، الطاف احمد بٹ، محمد اشرف ڈار، شیخ عبد الماجد اور سید مشتاق نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کو ان کے گھروں، زمینوں اور دیگر املاک سے محروم کیا جا رہا ہے، جبکہ کشمیری سرکاری ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کرکے ان کی جگہ بھارتی ہندو ملازمین کو تعینات کیا جا رہا ہے۔
حریت رہنمائوں نے کہا کہ یہ اقدامات کشمیریوں کو معاشی طور پر کمزور کرنے، ان کے بنیادی حقوق سلب کرنے اور انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانے کی منظم پالیسی کا حصہ ہیں۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں اور غیر کشمیریوں کی آبادکاری کے اقدامات مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریتی حیثیت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان اقدامات کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کی شناخت، حقوق اور املاک کے تحفظ کے لیے موثر کردار ادا کرے۔
