مظفرآباد(اے ایف بی ) وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی سربراہی میں حکومت کے سو روزہ پلان کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام لال چوک مظفرآباد میں عظیم الشان جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔۔ جلسہ گاہ آمد پر وزیراعظم افتخار گیلانی کا عوام الناس کی جانب سے فقید المثال استقبال کیا گیا۔وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سو روزہ پلان سے لے کر پانچ سال تک کی حکمت عملی عوام کے سامنے رکھی ہے۔ ریاستی عوام کے مستقبل کو خوشحال بنانے کے فیصلے ایک دن میں نہیں ہوسکتے، اسی لیے سو روزہ پلان کی تیاری میں وقت لگا۔ ریاست میں افراتفری، بے چینی اور سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ گزشتہ دور میں چار حکومتیں تبدیل ہوئیں، جس کے باعث عوامی مسائل اور ترقیاتی عمل متاثر ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ نئی نسل کی کردار سازی اور قرآن و سنت کی تعلیمات سے آگاہی کے لیے پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ صرف سرکاری نوکریوں سے بے روزگاری کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جا سکتا۔ سرکاری ملازمتوں پر انحصار کم کرنے کے لیے کاروبار اور خود روزگاری کے مواقع فراہم کرنے جارہے ہیں۔ تمام سرکاری محکموں میں تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھرتیاں ہوں گی۔ تھرڈ پارٹی کے ذریعے ہزاروں نوجوان اپنی اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر روزگار حاصل کر سکیں گے۔ اپنا روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر بلاسود قرضے فراہم کریں گے۔ کاروبار شروع کرنے کی راہ میں حائل پیچیدگیوں کو ختم کیا جائے گا۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ ڈسکور اے جے کے کے تحت ریاست کے سیاحتی مقامات کو دنیا کے سامنے متعارف کروائیں گے۔ سیاحت کو فروغ دے کر ریاست کے عوام کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ سیاحوں کی آمد سے مقامی کاروبار، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے راستے کھلیں گے۔ تمام سرکاری گیسٹ ہاؤسز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فعال کرنے جارہے ہیں۔ ریاست کے تمام انٹری پوائنٹس پر ٹک شاپس قائم کی جائیں گی تاکہ مقامی لوگوں کو کاروبار کے مواقع ملیں۔ 52 سیاحتی مقامات پر تین سے چھ ماہ میں ترقیاتی سرگرمیاں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ لیپہ اور سیماری میں ایکو ٹورازم کے فروغ کے لیے اقدامات کررہے ہیں
۔
وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کا کوئی باصلاحیت نوجوان وسائل کی کمی کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ لمز، نسٹ، قائداعظم یونیورسٹی اور دیگر ممتاز تعلیمی اداروں میں سکالرشپس دی جائیں گی۔ ملک کی ٹاپ نجی جامعات میں بھی میرٹ پر داخلہ حاصل کرنے والے مستحق طلبہ کے تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہر جگہ ہسپتال بنانا ممکن نہیں، اس لیے صحت کارواں موبائل ہسپتال آزادکشمیر کے ہر کونے تک پہنچے گا۔ صحت سہولت پروگرام کے تحت بھمبر، مظفرآباد، کوٹلی اور راولاکوٹ میں جدید کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی۔ باغ میں جدید کارڈیک ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ فالج کے علاج کے لیے کوٹلی، میرپور اور مظفرآباد میں اسٹروک سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ ضروری ادویات پروگرام کے تحت تمام ضلعی ہسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات ہمہ وقت دستیاب ہوں گی۔ بی ایچ یوز، آر ایچ سی اور ٹی ایچ کیو اپ گریڈ کیے جائیں گے۔ کسی مریض کو بروقت علاج اور ضروری ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے چھ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں کشمیر ایکسپریس الیکٹرک بس سروس شروع کی جائے گی۔ اے جے کے لیپ ٹاپ پروگرام کے تحت طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے جارہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان اور محمد نواز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے آزادکشمیر کے ساتھ ہمیشہ شفقت کی۔ آزادکشمیر میں پانچ دانش اسکولز اور مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی قائم ہونے جارہی ہے۔ دانش اسکولوں میں ہونہار بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ رہائش کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ پہلے سو روز میں نواز شریف اسکول آف ایمننس کے منصوبے پر بھی پیش رفت ہوگی۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ سفارشی کلچر کے خاتمے اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے AJK ون پورٹل متعارف کرایا جا رہا ہے۔ عام شہری کو سرکاری کام کے لیے کسی سفارش یا اثر و رسوخ کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ آزادکشمیر کی تمام حکومتی سروسز ایک ہی پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔ کریکٹر، اسٹامپ، پیدائش، سرٹیفکیٹس سمیت دیگر ضروری دستاویزات آن پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔ اگر کوئی سرکاری ادارہ کام نہیں کرے گا تو اس کی کارکردگی بھی پورٹل پر سامنے آئے گی۔ عوامی شکایات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں آئے گا۔ ڈیجیٹل گورننس کا مقصد عام شہری کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر اور مصائب کو ختم کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کے لیے اپنا گھر پروگرام کے تحت آسان ترین شرائط پر ہاؤس لون دیں گے۔ آزادکشمیر کے دسوں ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ستھرا کشمیر پروگرام کے تحت صفائی کا نظام آؤٹ سورس کیا جارہا ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ آزادکشمیر کے شہر صاف ستھرے، خوبصورت اور قابل دید ہوں۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ نکھرا مظفرآباد منصوبے کے تحت دارالحکومت کو خوبصورت اور قابل دید بنایا جائے گا۔ مظفرآباد کی بیوٹیفیکیشن کے ذریعے شہر کا مثبت اور خوبصورت تشخص اجاگر کیا جائے گا۔ آزادکشمیر آنے والے ہر شخص کو ہمارے شہروں سے ایک اچھا تاثر لے کر جانا چاہیے
۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے راولاکوٹ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ کی صورتحال کے اثرات پورے آزادکشمیر پر مرتب ہورہے ہیں۔ اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کی روشنی میں آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہیں۔ ہم ہر اس مطالبے پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں جو آئین اور قانون کے دائرے میں ہو۔ مسلح جتھوں سے خود کو الگ کریں، آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر ہی بات چیت ہو سکتی ہے۔ امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ مسلح جتھوں کو سپیس نہ دیں۔ آپ اپنے آپ کو ان سے الگ بھی ظاہر کرتے ہیں اور سپیس بھی دیتے ہیں۔ ریاست کو آگے لے جانے کے لیے امن و استحکام بنیادی ضرورت ہے۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ آپ کا مطالبہ سی ٹی سکین مشین تھا تو ہم کیتھ لیبز اور اسٹروک سینٹرز قائم کرنے جارہے ہیں۔ آپ نے سڑکوں کی تعمیر کی بات کی تو ہم کشمیر ایکسپریس اور سڑکوں کی بہتری کے منصوبے شروع کررہے ہیں۔ ہم نے نوجوانوں کے لیے روزگار اور خود روزگاری کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ہمارا مقصد اعلانات نہیں بلکہ منصوبہ بندی کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہے۔ اعلانات کے انبار نہیں لگانے بلکہ عملی منصوبہ بندی کے ذریعے عوام کو نتائج دینے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ 18 نومبر کو قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان، اسحاق ڈار اور مریم نواز شریف مظفرآباد آئے۔ 18 نومبر کے بعد سے سو دن تک عوام خود محسوس کریں گے کہ حکومت نے کیا اقدامات کیے اور کیا نتائج حاصل کیے۔ صرف سڑکیں اور عمارتیں بنانا کافی نہیں، ریاست کے حقیقی مسائل کو سمجھ کر ان کا حل نکالنا ضروری ہے۔ معاشرے میں اخلاقی اقدار اور ایک دوسرے کے احترام کی روایات کو بحال کرنا ہوگا۔ اختلاف رائے کی آڑ میں ایک دوسرے کی بے توقیری ہماری معاشرتی روایات نہیں۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ آئندہ سو روز میں متعدد منصوبے مکمل ہوں گے جبکہ کئی منصوبوں پر اس کے بعد بھی کام جاری رہے گا۔ عوامی منصوبوں کی پیش رفت اور تکمیل کے حوالے سے شہریوں کو اعتماد میں لیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ ریاست کا ہر نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو اور باعزت روزگار حاصل کرے۔ صحت، تعلیم، روزگار، سیاحت، ڈیجیٹل گورننس اور شہری ترقی کے ذریعے آزادکشمیر کو آگے لے کر جائیں گے۔ ہمارا مقصد ایک ایسا آزادکشمیر ہے جہاں عوام کو بنیادی سہولیات، نوجوانوں کو مواقع اور ہر شہری کو باعزت زندگی میسر ہو۔
