اسلام آباد ( اے ایف بی)وفاقی حکومت نے مری ایکسپریس وے کو مظفرآباد تک مزید 70 کلومیٹر توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا اجلاس ہوا،وفاقی سیکریٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور سینئر افسران نے اجلاس میں بریفنگ دی۔اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو مری ایکسپریس وے کی طرز پرسہولیات فراہم کی جائیں گی،مری مظفرآباد ایکسپریس وے کی تعمیر سے جدید اور محفوظ سفر کا آغاز ہوگا۔
این ایچ اے کے جاری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے،نئے منصوبوں سے پہلے جاری شدہ پراجیکٹس کو مکمل کیا جائے۔ایم ایٹ موٹروے کی تکمیل کے لیے ہوشاب آواران روڈ کو ترجیحی منصوبوں میں شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک ایران تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے شاہراہوں کی بروقت تعمیر ناگزیر ہے۔اس مالی سال میں این ایچ اے کو پہلے سے جاری 25 ترجیحی منصوبے مکمل کرنا ہوں گے،این ایچ اے کو 300 سے 400 ارب روپے سالانہ کمانے والا ادارہ بنائیں گے،حکومت سے فنڈز مانگنے کی بجائے این ایچ اے اپنے وسائل خود بڑھائے گا۔






