کشمیر گلگت بلتستان

آزادکشمیر کے سیاسی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس، پونچھ بحران کے پُرامن حل اور ریاستی تشخص کے تحفظ پر اتفاق

راولپنڈی (اے ایف بی )صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان کی رہائش گاہ مجاہد منزل پر آزادکشمیر کےسیاسی زعماء کا طویل مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان، صدرمسلم لیگ ن شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان، اپوزیشن لیڈر و صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، سابق وزیراعظم و صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان، سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی اور سابق امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود کی شرکت کی ۔ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا گیا۔

 

اجلاس میں تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ اپنی بھرپور اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔ہندوستانی جیلوں اور مقبوضہ کشمیر میں قید حریت رہنماوں سے بھرپور اظہار یکجہتی اور انکی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔آزادکشمیر میں بالعموم اور پونچھ ڈویژن میں بالخصوص امن و امان کی تیزی کے ساتھ بگڑتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں 19جولائی 1947 کی غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ مسلم کانفرنس کے اجلاس میں منظور کی جانے والی قرارداد الحاق پاکستان کے مندرجات کی روشنی میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ریاست جموں وکشمیر کی مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ وابستگی اور یکجہتی کو بہر صورت قائم رکھا جائے گا۔ اجلاس میں طے پایا کہ آزادکشمیر کی داخلی خودمختاری، آزاد کشمیر کی موجودہ حیثیت میں کسی قسم کی تبدیلی ، 1974 کے آئین کے مطابق آزاد حکومت کو حاصل شدہ اختیارات اور ریاستی تشخص پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پونچھ ڈویژن کے بحران کے پرامن اور باوقار سیاسی حل پر زور دیا گیا۔

 

اجلاس میں پونچھ ڈویژن میں رسل و رسائل اور آزادانہ نقل و حمل کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ پونچھ میں اشیائے خورد و نوش اور ادویات کی ترسیل یقینی بنانے اور انٹرنیٹ کی فوری بحالی کے اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔پونچھ کی عوام اور رائے دہندگان کو بلا تاخیر انتخابی عمل میں شریک کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔دھرنے اور احتجاج کے منتظمین سے کہا گیا کہ وہ آزادکشمیر کے آئین، قانون سماجی اقدار اور روایات کی مکمل پاسداری کریں اور انکی پامالی کے کسی بالواسطہ یا بلا واسطہ عمل کا حصہ نہ بنیں۔شرکاء نے اس مشاورتی عمل کو جاری رکھنے پرمکمل اتفاق کیا۔

تبصرہ لکھیں

Verified by MonsterInsights