اسلام آباد(اے ایف بی)جموں وکشمیر کمیونٹی انٹرنیشنل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا ایک تاریخی اور فیصلہ کن اجلاس راولپنڈی کے ایک مقامی ہوٹل میں چیئرمین غلام نبی بٹ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران، جن میں راجہ پرویز احمد خان، پروفیسر خواجہ فاروق احمد، راجہ محمد معروف خان، پیرزادہ محمد مشاق (سابق ڈائریکٹر)، راجہ محمد زرین خان، چوہدری محمد شکیل، محمد حمید اعوان، سید یوسف ہمدانی اور دیگر شامل تھے، نے تنظیم کے بنیادی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کا گہرائی سے جائزہ لیا گیا، خاص طور پر پاکستان کی سلامتی اور داخلی و خارجی خطرات پر غور کیا گیا۔ اس اجلاس میں ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں ہندوستان کے چیف آف آرمی سٹاف کے حالیہ بیان کی سخت مذمت کی گئی، کیونکہ یہ پاکستان کی سالمیت اور کشمیری عوام کے حقوق پر براہ راست حملہ تھا۔ کمیٹی نے آئندہ کے لیے ایک مضبوط لائحہ عمل اپنایا، جس میں تمام تنظیمی سطحوں پر متحرک رہنے کا عزم ظاہر کیا گیا، تاکہ کشمیریوں کی آواز کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، ایگزیکٹو کمیٹی نے متفقہ طور پر تحریک آزادی کشمیر پر ایک سیمینار کے انعقاد کا فیصلہ کیا، جس کی تاریخ اور وقت عیدالاضحٰی کی تعطیلات کے بعد مقرر کیا جائے گا۔






