تعلیم

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم کا اجلاس 22 اکتوبر کو طلب،

اسلام آباد (اے ایف بی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا اجلاس جمعرات 22 اکتوبر 2026 کو دوپہر 2 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے کمیٹی روم نمبر 4 میں منعقد ہوگا۔ سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے 13 اکتوبر کو جاری کردہ نوٹس کے مطابق اجلاس میں اعلیٰ تعلیمی اداروں اور جامعات سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے الخیر یونیورسٹی کی ڈگریوں کی شناخت اور تصدیق سے متعلق شکایات کے تناظر میں بریفنگ دی جائے گی۔ اس دوران تصدیق شدہ ڈگریوں کی مجموعی تعداد، زیر التوا کیسز اور ان کی تکمیل کے متوقع وقت سے متعلق تفصیلات بھی پیش کی جائیں گی۔

کمیٹی وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی کراچی کے معاملات پر قائم ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کا بھی جائزہ لے گی، جس میں ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی، اساتذہ کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج اور تادیبی کارروائیوں سے متعلق امور شامل ہیں۔اجلاس میں وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سے نجی تعلیمی اداروں کی ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے حوالے سے بریفنگ بھی لی جائے گی۔ اس موقع پر غریب اور مستحق طلبہ کے لیے مفت تعلیم کی لازمی 10 فیصد کوٹہ پالیسی پر عمل درآمد کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔

مزید برآں، پی ایم ایس اے ٹی کے طلبہ کی جانب سے وائس چانسلر پر نظرثانی شدہ دستاویزات اور ڈگریوں کے اجرا کے لیے اضافی فیس وصول کرنے کے الزامات سے متعلق شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی کے وائس چانسلر بھی یونیورسٹی کے انتظامی امور پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے، جس میں ملازمین کی تقرریوں اور تبادلوں، انسانی وسائل کے انتظام اور دیگر ادارہ جاتی معاملات شامل ہوں گے۔

تبصرہ لکھیں

Verified by MonsterInsights