کشمیر گلگت بلتستان

عوامی شکایات کا فوری ازالہ، افسران فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں،ثاقب مجید راجہ

مظفرآباد (اے ایف بی) آزاد کشمیر کے وزیر توانائی و آبی وسائل ثاقب مجید راجہ نے سپرنٹنڈنگ انجینئر بجلی مظفرآباد کے دفتر کا دورہ کیا اور محکمہ برقیات کے افسران سے ملاقات کے دوران محکمانہ کارکردگی، صارفین کو بجلی کی فراہمی، عوامی شکایات کے اندراج و ازالے، تعمیراتی سرگرمیوں اور فیلڈ آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف انجینئر مظفرآباد ریجن انجینئر ضیاء اکبر، سپرنٹنڈنگ انجینئر بجلی مظفرآباد انجینئر خالد صدیق، ایکسین آپریشن ڈویژن-I مظفرآباد، ایکسین آپریشن ڈویژن-II مظفرآباد، ایکسین گڑھی دوپٹہ اور ایکسین جہلم ویلی بھی موجود تھے۔وزیر توانائی و آبی وسائل نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ محکمہ برقیات کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ بجلی کی فراہمی، کم وولٹیج، ٹرپنگ، میٹرنگ، لائن فالٹس اور دیگر مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز نہ کی جائے اور صارفین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔انہوں نے تمام ایکسین حضرات کو ہدایت کی کہ شکایات دفاتر کے باقاعدہ اور اچانک معائنے کیے جائیں، شکایات کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ درج ہونے والی ہر شکایت پر بروقت کارروائی ہو۔

ثاقب مجید راجہ نے جاری تعمیراتی منصوبوں کی فیلڈ میں مؤثر نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران خود موقع پر جا کر کاموں کی رفتار، معیار اور مقررہ اہداف کے مطابق تکمیل کا جائزہ لیں۔ انہوں نے بجلی کے ایسے کھمبوں کی فوری تبدیلی یا منتقلی کی بھی ہدایت کی جہاں کلیئرنس کے مسائل یا عوامی و حفاظتی خطرات موجود ہوں۔وزیر توانائی نے درختوں کے ساتھ بندھے کنڈکٹرز کے حوالے سے بھی فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے اور حفاظتی اصولوں کے مطابق کنڈکٹرز کو درست، تبدیل یا مناسب کلیئرنس فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔انہوں نے مختلف مقامات سے حاصل کیے گئے Reclaimed Transformers کی مکمل تفصیلات، ان کی گنجائش، حالت، مقام اور موجودہ استعمال یا ذخیرہ کی صورتحال بھی طلب کی تاکہ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکے۔وزیر توانائی و آبی وسائل نے محکمہ برقیات میں خالی آسامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومتی قواعد و ضوابط کے مطابق بھرتی کا عمل آگے بڑھانے کی ہدایت کی، جبکہ فیلڈ کی ضروریات، صارفین کی تعداد، لائنوں کی طوالت، ٹرانسفارمرز اور کام کے حجم کو مدنظر رکھتے ہوئے Station-wise Staff Rationalization کرنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ برقیات حکومت آزاد کشمیر کی تمام پالیسیوں اور ہدایات پر ان کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائے۔ بہتر گڈ گورننس کے لیے ضروری ہے کہ افسران دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائیں، عوامی مسائل کو سنیں اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کریں۔

ثاقب مجید راجہ نے کہا کہ محکمانہ امور میں میرٹ، شفافیت، جوابدہی، بروقت فیصلہ سازی اور عوامی خدمت کو بنیادی اصول بنایا جائے اور دستیاب وسائل کا شفاف و مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت حل ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر چیف انجینئر، سپرنٹنڈنگ انجینئر اور متعلقہ ایکسین حضرات نے وزیر توانائی و آبی وسائل کو یقین دہانی کرائی کہ جاری کردہ ہدایات پر حکومتی احکامات کی روح کے مطابق مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور محکمانہ پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے گی۔

تبصرہ لکھیں

Verified by MonsterInsights