سپورٹس

قائداعظم ٹرافی اور نیشنل ٹی 20 کے میچز کراچی میں ہوں گے، اسامہ شرون نیازی

کراچی (اے ایف بی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شرون نیازی نے کہا ہے کہ قائداعظم ٹرافی اور نیشنل ٹی 20 کے میچز کراچی میں منعقد ہوں گے، جبکہ شہر میں ڈومیسٹک کرکٹ کے دیگر ایونٹس کرانے کی بھی بھرپور کوشش کی جائے گی۔اسامہ شرون نیازی نے کراچی میں کے سی سی اے اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور ڈومیسٹک میچز کے انعقاد کے لیے گراؤنڈز اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے نیشنل بینک، یو بی ایل اور ٹی ایم سی گراؤنڈز کا بھی معائنہ کیا۔ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی ریجنل ایسوسی ایشنز کی سفارش پر ٹورنامنٹس کے لیے این او سی جاری کرتا ہے۔ پی سی بی کے این او سی کے بغیر ٹورنامنٹس کھیلنے والے کھلاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، جبکہ کلبوں سے رجسٹرڈ کھلاڑیوں کو صرف مجاز ٹورنامنٹس میں حصہ لینا چاہیے۔

اسامہ شرون نیازی نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قیادت میں ملک بھر میں کرکٹ کا فروغ اولین ترجیح ہے۔ پی سی بی اور آر سی اے کے باہمی تعاون سے کراچی میں کرکٹ سرگرمیوں کو وسعت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ کراچی نے جاوید میانداد، ظہیر عباس، سرفراز احمد اور راشد لطیف جیسے عظیم کھلاڑی ملک کو دیے ہیں۔ شہر میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، تاہم کھلاڑیوں کی گرومنگ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔اسامہ شرون نیازی نے کے سی سی اے اسٹیڈیم کے حوالے سے کہا کہ ندیم عمر نے اسے بہترین معیار کا گراؤنڈ بنایا ہے۔

تبصرہ لکھیں

Verified by MonsterInsights