روم ( اے ایف بی):پاکستان اور اٹلی کے درمیان سفارتی پاسپورٹس پر ویزا ختم کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید اور اٹلی کی وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل سفیر ریکارڈو گواریگلیا نے حال ہی میں سفارتی پاسپورٹس پر ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔ منگل کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق یہ باوقار دستخطی تقریب یہاں اٹلی کی وزارت خارجہ میں منعقد ہوئی۔تقریب سے قبل دونوں معزز شخصیات کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ فریقین نے دوطرفہ سٹریٹجک تعاون کی وسعت، رفتار اور مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے روایتی دوستانہ اور تعمیری تعلقات، نیز اقوام متحدہ اور یورپی یونین سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا۔دونوں جانب سے اس معاہدے کو باہمی اعتماد اور دوستی کا مظہر قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان موجود وسیع دوطرفہ تعاون اور تبادلوں کے نظام میں ایک اہم اضافہ ہے۔ اس معاہدے سے سفارتی وفود کے تبادلوں میں آسانی پیدا ہوگی اور دوطرفہ روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان اس وقت متعدد دیگر معاہدوں پر بھی غور جاری ہے جبکہ جامعات اور تھنک ٹینکس کے درمیان 21 مفاہمتی یادداشتیں (ایم او یوز) موجود ہیں اور دونوں حکومتوں کے درمیان سیاحت، ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، کھیل، اعلیٰ دفاعی تعلیم اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف تعاون سمیت مختلف شعبوں میں 15 معاہدے طے پا چکے ہیں۔دفاعی تعاون کا معاہدہ 2009ء میں، وزرائے خارجہ کے درمیان ’’سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان‘‘ 2013ء میں جبکہ ’’مشترکہ اقتصادی کمیشن‘‘ 2005ء میں قائم کیا گیا۔ سرمایہ کاری کے تحفظ کا معاہدہ 1997ء میں، دوہری شہریت کا معاہدہ 1983ء میں اور حوالگی مجرمان کا معاہدہ 1972ء میں طے پایا تھا۔اس سے قبل 7 مئی 2025ء کو پاکستان اور اٹلی نے اسلام آباد میں ’’لیبر موبیلیٹی اینڈ مائیگریشن‘‘ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے جو کسی یورپی ملک کے ساتھ پاکستان کا پہلا لیبر معاہدہ ہے۔
اس کے تحت پاکستانی افرادی قوت کو اٹلی میں پاکستانیوں کے لیے مختص 10,500 ملازمتوں کے کوٹے تک رسائی حاصل ہوگی۔ پاکستانی سفیر نے سیکرٹری جنرل کو دفترِ خارجہ کے سیکرٹری کی جانب سے ساتویں دور کے دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے 2026ء کی آخری سہ ماہی میں اس اجلاس کے انعقاد کی تیاری اور اسلام آباد میں اٹلی کے نئے تعمیر شدہ سفارت خانے جو بیرون ملک اٹلی کا سب سے بڑا سفارتی مشن ہوگا، کے افتتاح میں دلچسپی کا اظہار کیا جو پاکستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔





