لاہور(اے ایف بی) پنجاب میں گزشتہ پانچ سال کے دوران 3 ہزار 258 خواتین کے لاپتہ ہونے اور مبینہ اغوا کے واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سے 2 ہزار 806 خواتین کو بازیاب کرایا جا چکا ہے جبکہ 452 خواتین تاحال لاپتہ ہیں۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے حکم پر پنجاب پولیس نے خواتین کی گمشدگی اور بازیابی سے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی۔پولیس رپورٹ کے مطابق سال 2021 سے 22 اپریل 2026 تک پنجاب بھر میں خواتین کے لاپتہ ہونے اور مبینہ اغوا کے مجموعی طور پر 3 ہزار 258 کیسز رپورٹ ہوئے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 22 اپریل سے یکم جون 2026 تک ایک ہزار 405 خواتین کو بازیاب کرایا گیا، جبکہ یکم جون سے 4 نومبر 2026 تک مزید ایک ہزار 401 خواتین کی بازیابی ممکن ہوئی
۔رپورٹ کے مطابق پولیس کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2 ہزار 806 خواتین کو بازیاب کرایا جا چکا ہے، تاہم 452 خواتین کی تلاش تاحال جاری ہے۔پولیس کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق سال 2021 میں لاپتہ ہونے والی 54 خواتین تاحال بازیاب نہیں ہوسکیں، جبکہ 2022 میں 56 خواتین کی بازیابی باقی ہے۔اسی طرح 2023 میں لاپتہ ہونے والی 84 خواتین، 2024 میں 110 خواتین اور 2025 میں لاپتہ ہونے والی 148 خواتین کے کیسز تاحال زیر التوا ہیں
۔پولیس حکام کے مطابق لاپتہ خواتین کی تلاش اور بازیابی کے لیے اقدامات جاری ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے خواتین کی گمشدگی سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں، جس پر پنجاب پولیس نے گزشتہ پانچ سال کے اعدادوشمار عدالت میں پیش کیے۔
