پاکستان

190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان و بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (اے ایف بی) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی ہونے والی حالیہ اہم ملاقات کا پہلا بڑا اور اہم قانونی نتیجہ سامنے آگیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کو 10 نومبر 2026ء کو باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کردیا۔اطلاعات کے مطابق القادر ٹرسٹ کیس میں نیب سزا کے خلاف دائر کی جانے والی ان اہم اپیلوں کی سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے، جس میں جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف شامل ہیں، فاضل دو رکنی بینچ 10 نومبر کو ان اپیلوں پر سماعت کرے گا جہاں فریقین کے وکلاء کی جانب سے تفصیلی دلائل پیش کیے جائیں گے۔بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل سلمان صفدر نے عدالتی کارروائی کے دوران یہ اعتراض اٹھایا تھا کہ جیل انتظامیہ اور متعلقہ حکام کی جانب سے ان کی موکلین عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی، جس کی وجہ سے کیس میں حتمی ہدایات حاصل نہیں ہو پا رہی ہیں، تاہم حالیہ ملاقات کے بعد سلمان صفدر اور ان کی قانونی ٹیم کا یہ بنیادی اعتراض اب مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے، جس کے بعد اپیلوں کی سماعت اور قانونی پیشرفت کی راہ ہموار ہو گئی، قانونی و سیاسی حلقوں میں 10 نومبر کی سماعت کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ بیرسٹر سلمان صفدر کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے 7 ماہ بعد جب کہ بشریٰ بی بی سے 11 ماہ بعد صرف 40 منٹ کی ملاقات ہوئی ہے، بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ نے شام 4 بج کر 30 منٹ پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرائی، یہ ملاقات 40 منٹ پر محیط تھی، عدالت میں بار بار کی جانے والی درخواستوں اور استدعا کے بعد 7 ماہ بعد عمران خان جبکہ 11 ماہ بعد بشریٰ بی بی سے یہ مختصر ملاقات ممکن ہوسکی۔انہوں نے بتایا کہ ملاقات کا وقت ناکافی تھا، جس کے باعث تمام مقدمات اور قانونی معاملات پر تفصیلی گفتگو نہیں ہوسکی، ملاقات کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنی صحت اور جیل میں رہائشی حالات سے آگاہ کیا، بعض قانونی معاملات اور مقدمات کے حوالے سے نئی ہدایات بھی دیں، ملاقات کا وقت ناکافی تھا، جس کے باعث تمام مقدمات اور قانونی معاملات پر بات مکمل نہ ہوئی، دونوں نے مجھے اپنی صحت اور جیل میں رہائشی حالات سے آگاہ کیا، بعض قانونی معاملات اور مقدمات کے حوالے سے نئی ہدایات بھی دیں۔

تبصرہ لکھیں

Verified by MonsterInsights