نئی دہلی: (اے ایف بی) بالی وڈ اداکارہ نورا فتحی کو 200 کروڑ روپے کے مبینہ بھتہ خوری کیس میں استغاثہ کے گواہ کے طور پر دہلی کی راؤز ایونیو عدالت نے طلب کر لیا ہے۔عدالت نے اداکارہ کو 2 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نورا فتحی کا نام اس مقدمے میں دائر تیسری ضمنی چارج شیٹ میں استغاثہ کے گواہ کے طور پر شامل ہے۔یہ مقدمہ مبینہ نوسرباز سکیش چندرشیکھر سے متعلق ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے 2020 اور 2021 کے دوران دہلی کی روہنی جیل میں قید ہونے کے باوجود خود کو اعلیٰ سرکاری عہدیدار ظاہر کرکے سابق رینبیکسی پروموٹر شیوندر موہن سنگھ کی اہلیہ آدیتی سنگھ سے تقریباً 200 کروڑ روپے وصول کیے۔
الزام کے مطابق سکیش چندرشیکھر نے رقم کے بدلے آدیتی سنگھ کے شوہر کی جیل سے رہائی کا بندوبست کروانے کا وعدہ کیا تھا۔ دہلی پولیس کے اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو) نے مبینہ بھتہ خوری کی تحقیقات کے بعد مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (ایم سی او سی اے) کے تحت چارج شیٹ جمع کرائی تھی۔نورا فتحی سے اس سے قبل سکیش چندرشیکھر اور ان کی اہلیہ لینا ماریا پالوس سے مبینہ تعلق کے حوالے سے بھی ای او ڈبلیو نے پوچھ گچھ کی تھی۔ پولیس نے فوجداری ضابطہ کار کی دفعہ 164 کے تحت ان کا بیان ریکارڈ کیا تھا۔اداکارہ نے تفتیش کاروں کو بتایا تھا کہ سکیش چندرشیکھر سے ان کا رابطہ اس کی اہلیہ کے ذریعے ہوا تھا۔ ان سے دسمبر 2020 میں چنئی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کے حوالے سے بھی سوالات کیے گئے تھے۔
