سرینگر ( اے ایف بی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میںبھارتی فورسز نے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروںپر چھاپوںکا سلسلہ تیز کرتے ہوئے کم از کم 3ہزاربے گناہ کشمیری نوجوان گرفتار کر لیے ہیں۔ فورسز اہلکاروں نے اسلام آباد، شوپیاں،کولگام ، پلوامہ، سرینگر ، گاندر بل ،بارہمولہ ، بڈگام،سوپور، کپواڑہ، بانڈرہ پورہ ، اونتی پور، ہندوارہ اور دیگر علاقوں میں پابندیاں ، چھاپے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ فورسز نے مختلف علاقوں میں پکڑ دھکڑ کی کارروائیوں کے دوران کم از کم 3ہزار نوجوان حراست میں لیے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہا گیا کہ سب سے زیادہ گرفتا ریاں ضلع شوپیاں میںعمل میں لائی گئیں ۔ جبکہ ضلع سرینگر میں گرفتاریوںکی تعداد 7سو کے قریب بتائی گئی ہے۔
قابض بھارتی فورسز نے پوری مقبوضہ وادی میں پابندیاں مزید سخت کر دی ہیں ، حساس مقامات پر مزید فورسز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اضافی چیک پوسٹیںقائم کی گئی ہیں اور مزید ناکے لگائے گئے ہیں جن پر گاڑیوں ، مسافروں اور راہگیروںکی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ سینئر پولیس حکام نے کم از کم تین ہزار نوجوانوںکی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں ، چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یاد رہے کہ اسلام آباد قصبے میں گزشتہ روز ایک حملے میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا تھا جسکے بعد بے لگام بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں کے خلاف جبر و استبداد کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا۔






