لاہور(اے ایف بی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم کی جانب سے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کوہر ہفتے ایک سکول میں خود کلاس لینے کی ہدایت پر رانا سکندر حیات کا بیان آگیا۔ویڈیو پیغام میں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ انگلش اور کیمسٹری پسندیدہ مضمون، انہی مضامین سے شروع کروں گا، پرائمری سکولوں میں انگلش، ہائی سکولوں میں کیمسٹری سے آغاز کروں گا، انگلش اور کیمسٹری کے علاؤہ دیگر مضامین کی بھی تدریس کروں گا۔رانا سکندر حیات نے کہا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے کلاس پڑھانا شروع کروں گا، ہر ہفتے کسی ایک سکول میں بغیر پیشگی اطلاع پڑھانے جاؤں گا، کسی کو معلوم نہیں ہوگا کہ کب، کس اسکول آرہا ہوں۔ اساتذہ کی عزت کرتا ہوں، استاد بن کر فخر محسوس کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کا مقصد سکولوں کے مسائل، زمینی حالات اور تدریسی معیار کا براہ راست جائزہ لینا ہے، اساتذہ اور طلبہ سے براہ راست رابطہ تعلیمی اصلاحات میں معاون ثابت ہوگا، اقدام سے تعلیمی معیار کو جانچ کر تدریسی کمزوریاں دور کرنے میں مدد ملے گی۔رانا سکندر حیات نے کہا کہ سکولوں کے مسائل کاغذوں پر نہیں، موقع پر جا کر دیکھنے اور حل کرنے کا قائل ہوں، اس عمل سے سرکاری سکولوں کو معیاری سکول بنانے کی مہم میں بھی تیزی آئے گی۔






