لاہور( اے ایف بی)آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈکالجزایسوسی ایشن نے گرمیوں کی قبل ازوقت چھٹیوں کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فیصلے کو بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف قرار دیا۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں قبل از وقت گرمیوں کی چھٹیاں دینے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کا ایک ہنگامی اجلاس وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف ایٹ(F-8) میں منعقد ہوا، جس میں حکومت کے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر ابرار حسین نے کہا کہ پنجاب میں سکولوں کی جلد بندش کا فیصلہ بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ بار بار اور طویل تعطیلات کے باعث ملک میں پہلے سے اسکولوں سے باہر موجود بچوں کی تعداد میں مزید خوفناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے، جو تعلیمی نظام کے لیے تباہ کن ہوگا۔ ڈاکٹر ابرار حسین نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ رہائشی علاقوں میں سکول کھولنے کی باقاعدہ اجازت دی جائے تاکہ بچوں کا تعلیمی حرج نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ نجی تعلیمی ادارے بچوں کی پڑھائی کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، اس لیے اس یکطرفہ فیصلے کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے۔






