ریاض (اے ایف بی) سعودی اتحادی افواج نے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض پر داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا، جبکہ مملکت کے مشرقی صوبے کی طرف آنے والے تین ڈرون بھی مار گرائے گئے۔ سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے آج صبح 4 بج کر 8 منٹ پر ریاض کے رہائشیوں کو فضائی خطرے سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا، چند منٹ بعد زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد حکام نے خطرہ ٹل جانے کا اعلان کر دیا۔بعد ازاں یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے والے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے۔میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق مشرقی صوبے کی جانب بھیجے گئے تین ڈرونز کو بھی راستے میں مار گرایا گیا۔یہ تازہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب حوثی ملیشیا کے حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، فوجی تنصیبات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔حالیہ دنوں میں سعودی آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو بھی ایک حملے میں نقصان پہنچا تھا،
سعودی وزارت توانائی کے مطابق عمارت پر گرنے والے ملبے سے محدود نقصان ہوا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مشرقِی صوبہ، جہاں سعودی عرب کے بیشتر تیل و گیس ذخائر اور آرامکو کا مرکزی دفتر واقع ہے، گزشتہ چند ہفتوں سے بار بار حملوں کی زد میں رہا ہے۔اکتوبر میں ہونے والے ایک حملے میں آرامکو کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا تھا، جبکہ ریاض کے مالیاتی مرکز پر تازہ حملوں نے مملکت کے اہم بنیادی ڈھانچے کے تحفظ سے متعلق خدشات میں اضافہ کیا ہے۔حوثی ملیشیا نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت سعودی عرب کے دیگر ہوائی اڈوں کو بھی متعدد مرتبہ نشانہ بنایا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر سے اب تک مملکت پر ہونے والے حملوں میں 26 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے 23 ہلاکتیں ہوائی اڈوں پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں ہوئیں۔گزشتہ بدھ کو بھی سعودی فضائی دفاع نے ریاض، مکہ اور دیگر علاقوں کی جانب بھیجے گئے حوثی میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کیا تھا۔ جبکہ سنیچر کو اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ دارالحکومت اور جنوبی علاقے کی طرف بڑھنے والے دو ڈرونز کو مار گرایا گیا۔حوثی ملیشیا کے خلاف یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرنے والے اتحاد نے سرحد پار حملوں کے جواب میں یمن کے اندر حوثی اہداف پر فضائی کارروائیوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
