افواجِ پاکستان کایوم تکبیرپر پیغام، ملکی دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار


اسلام آباد(اے ایف بی)یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستان کی عسکری قیادت نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل، چیف آف دی نیول اسٹاف اور ایئر چیف نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر قومی اتحاد، استقامت اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔


آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی جوہری صلاحیت ایک مقدس قومی امانت ہے، جو ملک کی سلامتی اور دفاع کو یقینی بنانے کے لیے ہر وقت تیار ہے، عسکری قیادت نے کہا کہ 28 مئی 1998ء کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جب پاکستان نے کامیاب ایٹمی دھماکوں کے ذریعے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔پیغام میں مزید کہا گیا کہ افواجِ پاکستان قوم کی حمایت سے ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔عسکری قیادت نے قوم کے اتحاد، حوصلے اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستانی عوام کو یومِ تکبیر کی مبارکباد بھی دی