سرینگر (اے ایف بی) امیر جماعتِ اسلامی جموں و کشمیر غلام محمد بٹ، نائب امراء محمد عبداللہ وانی، فہیم محمد رمضان اور مفتی شبیر احمد اصلاحی نے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کے سانحہ ارتحال پر امیر جماعتِ اسلامی انجینئر حافظ نعیم الرحمٰن، جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت، کارکنان سے بالعموم اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے بالخصوص دلی تعزیت اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی جموں و کشمیر، جماعتِ اسلامی پاکستان کیساتھ غم کی اس گھڑی میں برابر شریک اور بھرپور اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ مرحوم نے مسئلۂ کشمیر اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی ہمیشہ مکمل حمایت اور وکالت کی اور جماعتِ اسلامی جموں و کشمیر کے ساتھ ان کا تعلق، محبت اور رہنمائی ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھی جائے گی۔اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں جماعت اسلامی جموں وکشمیر کی جملہ قیادت نے کہا کہ امیرالعظیمؒ کی وفات صرف جماعتِ اسلامی پاکستان کا ہی نہیں بلکہ پوری تحریکِ اسلامی اور خصوصا جماعتِ اسلامی جموں و کشمیر کا مشترکہ نقصان ہے۔ ہم ایک ایسے باوقار، مدبر، صاحبِ بصیرت، مخلص اور بے لوث رہنما سے محروم ہوگئے جس نے اپنی پوری زندگی اللہ کے دین کی سربلندی، اقامتِ دین، دعوت و تبلیغ، تنظیم، تربیت اور امتِ مسلمہ کی رہنمائی کیلئے وقف کیے رکھی۔
انہوں نے کہا کہ امیرالعظیمؒ نے نوجوانی ہی سے عظیم مفکر سید ابو الاعلی مودودی کی فکری اسلامی تحریک کو اپنی زندگی کا مقصد حیات اور مطمع نظر بنایا۔ اسلامی جمعیت طلبہ میں مختلف ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی حیثیت سے نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت میں تاریخی کردار ادا کیا۔ بعد ازاں جماعتِ اسلامی پاکستان سے وابستہ ہو کر مختلف تنظیمی اور انتظامی ذمہ داریاں نہایت اخلاص، تدبر و حکمت، استقامت اور اعلیٰ صلاحیت کے ساتھ سرانجام دیں۔ بطور سیکرٹری جنرل، نائب امیر اور دیگر اہم مناصب پر فائز رہتے ہوئے وہ جماعت اسلامی کو بطور ایک منظم تحریک بنانے، کارکنان کی تربیت، دعوتِ دین کے فروغ اور قومی و ملی مسائل پر واضح اور جرات مندانہ مؤقف اختیار کرنے میں پیش پیش رہے ۔2019 سے متواتر سیکرٹری جنرل سے عہدہ برا ہونے سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ ان تمام صلاحیتوں اور دیانت و امانت کے پیکر تھے،جو اس اہم منصب پر فائز ہونے کیلئے ناگزیر ہیں۔
جماعت کے رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم امیرالعظیمؒ کی تمام دینی، دعوتی، تنظیمی اور ملی خدمات کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائیں، ان کی کامل مغفرت فرمائیں، ان کے درجات بلند کریں، انہیں جنت الفردوس میں انبیاء، صدیقین، شہداء اور صالحین کی معیت نصیب فرمائیں، اور امیر جماعتِ اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمٰن، جماعت کی پوری قیادت، کارکنان، اہلِ خانہ اور تمام سوگواران کو صبرِ جمیل اور اس سانحہ جان لیوا کو برداشت کرنے کی توفیق اور ان کا نعم البدل عطا کریں، وہ واقعی اپنے نام کے اسم بامسمی تھے۔






