روس (اے ایف بی )روس نے یوکرین پر میزائلوں، کروز میزائلوں اور ڈرونز سے تازہ حملے کرتے ہوئے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب یوکرین نے بھی بحیرہ آزوف میں روسی فوجی لاجسٹکس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔یوکرینی حکام کے مطابق شمالی شہر سومی میں دو گلائیڈ بم گنجان آباد علاقے پر گرے، جس سے 5 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے۔ ایک بم بس اسٹاپ پر گرا، جس سے مسافر بس اور قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ سومی کے سرحدی علاقے میں ایک شخص بارودی مواد پر پاؤں پڑنے سے جان کی بازی ہار گیا۔
جنوبی بندرگاہی شہر اوڈیسا میں میزائل حملے سے 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا، زاپوریژیا میں گلائیڈ بم حملے میں 10 افراد زخمی ہوئے، جبکہ خارکیف میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بھی رات گئے بڑے پیمانے پر حملہ کیا گیا، جہاں بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے ساتھ ڈرونز بھی استعمال کیے گئے۔ حکام کے مطابق حملے میں 12 افراد زخمی ہوئے۔ یوکرینی فضائیہ کا کہنا ہے کہ روس نے مجموعی طور پر 6 بیلسٹک میزائل، 6 کروز میزائل اور 121 ڈرون داغے، جن میں سے 2 کروز میزائل اور 111 ڈرون مار گرائے گئے، تاہم بیلسٹک میزائلوں کو روکنا ممکن نہ ہو سکا۔
AFB News #afbnews






