راولپنڈی (اے ایف بی) صوبائی محکمہ خزانہ پنجاب نے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر کی سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز میں گریڈ 1 سے گریڈ 4 تک کی 2 ہزار خالی اسامیوں کو ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے
۔محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ سرکاری خزانے پر بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو کم کرنے اور موجودہ افرادی قوت کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ ختم کی جانے والی اسامیوں میں چوکیدار/سکیورٹی گارڈ کی 770، کلاس فور کی 346، مالی کی 179 اور نائب قاصد کی 705 اسامیاں شامل ہیں، جن کی مجموعی تعداد 2 ہزار بنتی ہے۔
حکم نامے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں موجود خالی آسامیوں کو ختم کیا گیا ہے۔ راولپنڈی ضلع میں مجموعی طور پر 56 خالی اسامیاں ختم کی گئی ہیں، جن میں 18 چوکیدار/سکیورٹی گارڈ، 8 کلاس فور، 5 مالی اور 25 نائب قاصد کی اسامیاں شامل ہیں۔
