مظفر آباد(اے ایف بی) ) چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اقدامات سے ریاست میں امن خراب ہوا، کہا گیا کہ ہم اسلام آباد پر بھی لشکر کشی کریں گے، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے لوگوں کو اسلحہ پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ ایڈوانس انکم ٹیکس کا خاتمہ ہم نے نہیں مانا، اربوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا، حکومت پاکستان نے ضروریات پوری کرنے کیلئے 20 سے 25 ارب فراہم کئے، آٹے اور بجلی کی قیمتوں پر عوامی ہمدردی حاصل کی گئی، جو معاملات قابل عمل تھے ان پر عملدرآمد ہوا، جائزمطالبات پورے ہونے کے باوجود احتجاج کا راستہ اختیار کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ مطالبات بڑھتے بڑھتے نوبت یہاں تک آگئی، آزاد کشمیر میں سامان ترسیل کرنے والے ایک ٹرک کو بھی جلایا گیا، مہاجرین کی 12 سیٹوں کو احتجاج کے لئے جواز بنایا گیا۔چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے مزید کہا کہ مظفرآباد اور میرپور ریجن کے عوام نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا، عوام نے کہا دھرنے میں بیٹھے لوگوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، دھرنے میں شریک لوگ خود کو قانون کے حوالے کریں۔
اس موقع پر آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک نے کہا کہ نوجوانوں کو ریاست پر اسلحہ کے ساتھ حملہ کرنے کیلئے تیار کیا گیا، شرپسند عناصر آزاد کشمیر کا امن داؤ پر لگا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، راولاکوٹ میں ایک بڑا حادثہ پلان کیا گیا، پولیس والے کو شہید کر کے نعش پر رقص کیا گیا، نعشوں پر رقص کرنا کیا انسانیت ہے؟ اسلام آباد پولیس کے اہلکار کا شناختی کارڈ دیکھ کر تشدد کیا گیا۔لیاقت علی ملک نے کہا کہ پولیس، سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں پر حملے کئے گئے، آرمی کے شہداء کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کئے گئے۔آئی جی کا کہنا تھا کہ اب تک 572 شرپسند گرفتار ہو چکے ہیں، جنہوں نے پولیس اہلکاروں کو شہید کیا ان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، گردنیں کاٹ کر نعشیں منگلا ڈیم سے ملنے کی دھمکیاں دینا، عوامی مسئلہ ہے؟ بھارتی سفارتخانے کے سامنے پاکستان کا پرچم جلانا عوامی مسئلہ ہے؟ کیا سرکاری ملازمین کواغوا کرنا عوامی مسئلہ ہے؟انہوں نے کہا کہ چند مخصوص شرپسند مخصوص ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، ایک مسلح جتھہ ریاست کے خلاف مورچہ بند ہے، ہماری پولیس کے 4 لوگ شہید اور 97 اہلکار زخمی ہوئے۔






