چناری (اے ایف بی)سیکرٹری جنگلات آزاد کشمیر سردار انصر یعقوب کی ہدایات پر محکمہ جنگلات نے چکار رینج کے نون بگلہ،اندراسیری بیٹ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کائل،فر کی سینکڑوں مکعب فٹ لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی ریکور کرکے محفوظ مقام پر منتقل کر دی،کارروائی کو عوامی حلقوں کی جانب سے غیر قانونی لکڑی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر ہٹیاں بالا ڈویژن راجہ معراج عبدالرزاق کی سربراہی میں رینج چکار، چناری کے فاریسٹ ملازمین پر مشتمل خصوصی ٹیم نے نون بگلہ،اندراسیری بیٹ میں ریکوری آپریشن کیا،اس دوران ضبط شدہ کائل فر کی سینکڑوں مکعب فٹ قیمتی لکڑی کو محفوظ مقام پر منتقل کرکے محکمہ جنگلات کی تحویل میں لے لیا گیا،
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران مبینہ طور پر بااثر سمگلروں کی جانب سے دباؤ ڈالنے،مختلف ہتھکنڈے استعمال کرنے کی کوششیں بھی کی گئیں، تاہم محکمہ جنگلات کی ٹیم نے کارروائی جاری رکھتے ہوئے لکڑی کی محفوظ منتقلی کا عمل مکمل کیا،عوامی و سماجی حلقوں نے محکمہ جنگلات کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نامساعد حالات مبینہ دباؤ کے باوجود ضبط شدہ قیمتی لکڑی کی محفوظ منتقلی محکمانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی،جنگلات کے تحفظ کے لیے مثبت پیش رفت ہے،انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کا کریڈٹ سیکرٹری جنگلات سردار انصر یعقوب کی بروقت ہدایات، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر راجہ معراج عبدالرزاق کی موثر نگرانی،فیلڈ عملے کی عملی کارکردگی کو جاتا ہے،عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی،لکڑی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں،جنگلات کے تحفظ کے لیے مستقل بنیادوں پر موثر اقدامات کیے جائیں ۔
