لاہور ( اے ایف بی) پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کی بہتری کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 5380 سرکاری سکولوں کی پالیسی میں تبدیلی کے بعد اب سرکاری کالجز کو بھی اسی ماڈل کے تحت چلانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے تحت ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے تمام تحصیلوں میں “کالجز آف ایمننس” کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔منصوبے کے مطابق ہر تحصیل میں ایک ماڈل کالج کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا، جبکہ منتخب پبلک کالجز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا۔
کالجوں کے انتخاب کے لیے اداروں کی کارکردگی اور معیار کی بنیاد پر مختلف پیمانے مقرر کیے گئے ہیں۔ ایچ ای ڈی نے 10 لازمی معیارات کا خاکہ بھی پیش کیا ہے، جن میں تعلیمی شہرت، اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی، طلبہ کی کارکردگی، تحقیق و اختراع، جدید انفراسٹرکچر، لیبارٹریز، لائبریری سہولیات، صنعت سے روابط اور انٹرن شپ کے مواقع شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری کالجز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔






